ہند۔ چین فوج کا لداخ سے انخلا مکمل ہوگیا

بھارتی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، رواں ماہ کے آغاز میں فوجی کمانڈروں نے مکمل انخلا کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے پہلے مرحلے میں فوج، ٹینک اور توپ خانہ نکالنا شروع کرنے پر اتفاق کیا تھا

1588001
ہند۔ چین فوج کا لداخ سے انخلا مکمل ہوگیا

چین اور بھارت نے مغربی ہمالیہ میں متنازع سرحد پر پینگونگ جھیل کے علاقے سے فوجیوں کا انخلا مکمل کرلیا۔

بھارتی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، رواں ماہ کے آغاز میں فوجی کمانڈروں نے مکمل انخلا کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے پہلے مرحلے میں فوج، ٹینک اور توپ خانہ نکالنا شروع کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

 واضح رہےکہ گزشتہ ہفتے کے روز دونوں ممالک کے کمانڈروں نے مکمل انخلا کا جائزہ لینے کے لیے ملاقات بھی کی تھی۔

ایک مشترکہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ دونوں اطراف نے پینگونگ جھیل کے علاقے  کےمحاذ  سے فوجیوں کے انخلا کا جائزہ لیا اور یہ ایک اہم پیش قدمی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مغربی سیکٹر میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے ساتھ دیگر امور کے حل کے لیے یہ ایک اچھی بنیاد ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ دونوں فریقین نے بات چیت کو جاری رکھنے، صورتحال کو مستحکم کرنے اور صورتحال پر قابو پانے سمیت مستقل اور منظم انداز میں دیگر امور کے حل پر اتفاق کیا۔

کئی ماہ سے مغربی ہمالیائی حصے میں فوجیں موجود ہیں جہاں دونوں فریقین ایک دوسرے پر لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہیں۔

چین اور بھارت میں جون میں اس مقام پر تاریخ کا بدترین تصادم ہوا تھا جس میں 20 بھارتی فوجی مارے گئے تھے تاہم اس کے بعد مذاکرات کے ذریعے صورتحال کو معمول پر لانے کی کوششیں جاری تھیں۔

بھارت اور چین اپنی تقریباً 3500 کلومیٹر  طویل سرحد پر اتفاق نہیں کرسکے ہیں اور اس کے لیے 1962 میں دونوں کے درمیان جنگ بھی ہوئی تھی، تاہم نصف صدی کے دوران رواں موسم گرما میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی انتہائی عروج پر پہنچ گئی تھی۔



متعللقہ خبریں