لاہور:انار کلی میں دھماکہ،متعدد ہلاک و زخمی

لاہور کے علاقے نیو انارکلی میں دھماکے سے بچے سمیت 2 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے

1765901
لاہور:انار کلی میں دھماکہ،متعدد ہلاک و زخمی

لاہور کے علاقے نیو انارکلی میں دھماکے سے بچے سمیت 2 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

خبرکے مطابق، لاہور کے علاقے نیو انار کلی پان منڈی میں دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے نقصان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں انسانوں جانوں کے نقصان کے علاوہ 6 موٹرسائیکلیں بھی تباہ ہوئی ہیں جبکہ اردگرد کی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے باعث اطراف میں کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

سی سی پی او لاہور نے پولیس کو ریسکیو کارروائیوں میں مدد دینے کی ہدایت کی جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جا رہا ہے اور شواہد اکھٹے کر رہے ہیں۔

میئو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر افتخار نے زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انارکلی دھماکے کے 28 زخمیوں کو میئو اسپتال لایا گیا۔

زخمیوں کی آمد کے ساتھ ہی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔

انہوں نے زخمی افراد کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 5 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

 زخمیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور دھماکے کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے لاہور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور دھماکے سے قیمتی جانی نقصان پر افسوس ہے اور اسلام آباد کے بعد لاہور میں دہشت گردی ملک کے لیے نیک فال نہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے دھماکے کا مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشت گردوں کو قانون کی گرفت میں لائے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاکستان پر رحم فرمائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی لاہور بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت زخمیوں کے فوری بہتر علاج و معالجے کے لیے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا عفریت قابو سے باہر ہوتا جا رہا ہے اور عمران خان میں اہلیت نہیں کہ وہ کسی بحران کو حل کر سکیں۔



متعللقہ خبریں