پاکستان اپنے تحفظ کی خاطر ہر ممکنہ اقدامات اٹھانے سے پیچھے نہیں رہے گا، وزیر خارجہ

پاکستان بھارت سمیت تمام تر ہمسایہ ممالک سے خیر سگالی تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے

1667281
پاکستان اپنے تحفظ کی خاطر ہر ممکنہ اقدامات اٹھانے سے پیچھے نہیں رہے گا، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملکی تحفظ کے لیے جو بھی اقدامات  لازمی ہوئے ہم انہیں ضرور اٹھائیں گے۔

انہوں نے افغان عمل، علاقائی سلامتی اور ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ ہم کسی کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، افغانستان میں ہمارامصالحانہ کردار دنیا بھر کے سامنے عیاں ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے۔

 ہم افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں، ہم نے افغان فریقین کو مذاکرات    کے لیے آمادہ کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ ہم ہوں یا دیگر ممالک ، یہ سب سہولت کاری کر سکتے ہیں، کیونکہ  افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ  خود افغانی عوام  کو کرنا  ہو گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم تمام ہمسایہ  ممالک بشمول بھارت سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، بدقسمتی سے بھارت نے خیر سگالی کا جواب 5 اگست 2019 کے یک طرفہ غیر آئینی  کاروائی سے  دیا،  ان یک طرفہ  کاروائیوں سے کشیدگی نے جنم لیا، مقبوضہ کشمیر میں اس وقت جو بگڑی ہوئی صورتحال ہے وہ بھارت سرکار کی ہی مرہون منت  ہے، وہ کشمیری قیادت جو ماضی میں دلی سرکار کا حصہ رہی، وہ بھی ان اقدامات کی وجہ سے بگڑ گئی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جہاں تک سفارتی محاذ کا تعلق ہے تو کشمیر پر ہمارا موقف کل بھی واضح تھا اور آج بھی واضح ہے، سلامتی کونسل کو لکھے گئے میرے خطوط ریکارڈ پر ہیں، ہم کہتے آ رہے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، 5 اگست کے بعد میری طرف سے لکھے گئے 13 خطوط موجود ہیں جس میں ہم نے واضح کیا کہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی کی وجہ سے خطے کے امن و امان کو تہہ و بالا کر سکتا ہے.

 

 



متعللقہ خبریں