بڑھتی آبادی کی روک تھام اور خاندانی منصوبہ بندی کے لیے تمام ضری اقدامات کرنا ہوں گے: صدر عارف علوی

صدر مملکت نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے ماحولیاتی تبدیلی، ماحولیات پر براہ راست منفی اثرات اور ملک کے قدرتی و معاشی وسائل پر بڑھتے ہوئے دبائو پر بھی روشنی ڈالی

1663791
بڑھتی آبادی کی روک تھام اور خاندانی منصوبہ بندی کے لیے تمام ضری اقدامات کرنا ہوں گے: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام اور خاندانی منصوبہ بندی کے فروغ کیلئے قومی اور بین الاقوامی مالیات کے انتظام کیلئے خصوصی کوششوں پر زور دیا ہے،

انہوں نے بڑھتی ہوئی آبادی کی لہر سے نمٹنے کیلئے حکومت کی مدد کیلئے آبادی سے متعلق ڈونر کانفرنس منعقد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

صدر مملکت نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے ماحولیاتی تبدیلی، ماحولیات پر براہ راست منفی اثرات اور ملک کے قدرتی و معاشی وسائل پر بڑھتے ہوئے دبائو پر بھی روشنی ڈالی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کے خطرے سے متعلق وفاقی ٹاسک فورس کے چوتھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آزاد جموں و کشمیر سمیت صوبائی نمائندوں نے اجلاس کو فیملی پلاننگ سروسز کے فروغ کیلئے متعلقہ حکومتوں کی طرف سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں یہ بتایا گیا کہ صوبائی حکومتیں بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے مزید وسائل مختص کرنے مانع حمل ادویات کی دستیابی میں اضافہ، میڈیا کے ذریعے آگاہی، انسانی وسائل میں اضافہ اور تربیت سمیت آبادی پر قابو پانے کیلئے اقدامات پر سنجیدگی سے توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ صوبائی حکومتیں ملک میں صحت مندانہ خاندانی اقدار کے فروغ کیلئے علماء کرام، خطیبوں اور مذہبی رہنمائوں سے مل کر کام کریں گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ علماء کرام اور میڈیا نے کورونا وبا کے دوران آگاہی پیدا کرنے کیلئے مؤثر کردار ادا کیا، وہ اپنے جمعہ کے خطبات اور ٹاک شوز میں بڑھتی ہوئی آبادی کے اثرات سے متعلق عوام کو آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ آبادی کی بڑھتی ہوئی لہر سے نمٹنے کیلئے ایک دوسرے کے تجربات، تحقیق اور مہارتوں سے استفادہ کریں اور مربوط سوچ اپنائیں۔

صدر مملکت نے خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق صوبائی حکومتوں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے بتایا کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ ملک کو درپیش بڑا چیلنج ہے اور اس سے علماء کرام، میڈیا اور سول سوسائٹی کے مؤثر تعاون سے نمٹا جا سکتا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ علماء کرام عوام کو بڑھتی ہوئی آبادی کے خطرے سے آگاہ کرنے کیلئے مکمل تعاون کریں گے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے لڑکیوں کی تعلیم اور خاندانی منصوبہ سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے کمیونٹی کی شرکت پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔



متعللقہ خبریں