پاکستان میں ذرائع ابلاغ کو بے مثال آزادی حاصل ہے: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ عالمی یوم آزادی صحافت منانے میں ہم صحافی برادری کے ساتھ شریک ہیں

1632765
پاکستان میں ذرائع ابلاغ کو بے مثال آزادی حاصل ہے: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت کو ایک بنیادی، جمہوری اور آئینی حق گردانتی ہے، ملک میں میڈیا سینسر شپ کا کوئی تصور نہیں، میڈیا کو سیاست، معیشت یا کسی بھی دوسرے شعبہ میں رپورٹ کرنے کی بے مثال آزادی حاصل ہے، حکومت ملک میں آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے فروغ اور ورکنگ جرنلسٹس کے تحفظ اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔ پیر کو عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ عالمی یوم آزادی صحافت منانے میں ہم صحافی برادری کے ساتھ شریک ہیں۔

اس موقع پر حکومت پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ملک میں آزاد اور خودمختار میڈیا کو یقینی بنایا جائے جس پر ہمارا غیر متزلزل یقین ہے کہ آزادی اظہار رائے کسی بھی جدید، ترقی پسند، مہذب اور جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت آزادی صحافت کو ایک بنیادی، جمہوری اور آئینی حق گردانتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں میڈیا سینسر شپ کا کوئی تصور نہیں۔ پاکستان میں میڈیا کو سیاست، معیشت یا کسی بھی دوسرے شعبہ میں رپورٹ کرنے کی بے مثال آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی پریس ایڈوائس پر یقین رکھتی ہے، نہ اس پر عمل کرتی ہے بلکہ میڈیا کی جانب سے سیلف ریگولیشن کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صحافیوں کو ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے جن میں آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ کا اعلان، انفارمیشن کمیشن کا قیام، قانونی فریم ورک (جرنلسٹ پروٹیکشن بل) شامل ہیں۔ یہ اقدامات صحافی برادری کے تحفظ اور سیکورٹی کو یقینی بنانے میں معاون و مددگار ثابت ہوں گے۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزارت اطلاعات جرنلسٹس پروٹیکشن ایکٹ کی مکمل حمایت کرتی ہے اور اس کے لئے کوشاں ہے، اسی طرح ہم پاکستانی میڈیا کو جدید ٹیکنالوجیز سے آراستہ کرنے اور ہیومن ریسورس کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ جرنلسٹس کو وزیراعظم کی ہائوسنگ سکیم میں شامل کیا جائے گا، حکومت صحافیوں کو ہیلتھ کارڈز دینے کے بارے میں بھی غور کر رہی ہے تاکہ وہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کیلئے صحت کی سہولیات حاصل کر سکیں۔

وفاقی وزیر نے شعبہ صحافت کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سچ اور اس عظیم پیشہ کے وقار کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کئے۔ وفاقی وزیر نے کووڈ۔ 19 کے بارے میں عوامی آگاہی پیدا کرنے اور وباءسے بچنے کے لئے ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کے لئے باقاعدہ مہم چلانے والے صحافیوں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ملک میں آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے فروغ اور ورکنگ جرنلسٹس کے تحفظ اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔



متعللقہ خبریں