ترکیہ: امریکہ سمیت مغربی ممالک کا ایک بڑا حصہ اسرائیل کی پیٹھ تھپتھپا رہا ہے

علاقائی مسائل میں بیرونی کرداروں کی مداخلت جھڑپوں میں مزید اضافہ کر دے گی، علاقائی ممالک  کے درمیان مذاکرات علاقائی مسائل پر قابو پانے کا درست ترین راستہ ہے: اسپیکر قومی اسمبلی نعمان قورتولمش

2065082
ترکیہ: امریکہ سمیت مغربی ممالک کا ایک بڑا حصہ اسرائیل کی پیٹھ تھپتھپا رہا ہے

ترکیہ قومی اسمبلی کے اسپیکر نعمان قورتولمش نے کہا ہے کہ غزّہ پر اسرائیلی حملے، جن کا  تماشا پوری انسانیت  دیکھ رہی ہے، قتل عام کو پیچھے چھوڑ کر ایک صریح نسل کشی بن چُکے ہیں۔

نعمان قورتولمش نے اسمبلی دفتر میں انقرہ میں روس کے سفیر الیکسی یرخوف کے ساتھ ملاقات کی۔

ملاقات میں انہوں نے غزّہ پر اسرائیلی حملوں اور علاقے میں درپیش انسانی بحرانوں کی طرف اشارہ کیا اور کہا ہے کہ امریکہ سمیت مغربی ممالک کا ایک بڑا حصہ اسرائیل کی پیٹھ تھپتھپا رہا اور اس کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔

قورتولمش نے کہا ہے کہ یہ حملے ناقابل قبول ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ  اس وحشت کے ذمہ داروں کو  بین الاقوامی عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ترکیہ اور روس کے درمیان، بحیثیت دو ہمسایہ ممالک کے، متعدد شعبوں میں مضبوط تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ علاقے میں جاری جھڑپوں نے  قریبی تعاون کو ایک مجبوری بنا دیا ہے۔ ہمارے خیال میں غیر علاقائی کرداروں اور حکومتوں کی، علاقائی مسائل میں، مداخلت جھڑپوں میں مزید اضافہ کر دے گی۔  علاقائی ممالک  کے دو طرفہ مذاکرات علاقائی مسائل پر قابو پانے کا درست ترین راستہ ہیں۔

اسمبلی اسپیکر نعمان قورتولمش نے کہا ہے کہ میں روسی پارلیمنٹ کی دونوں شاخوں کے دورے کا خواہش مند ہوں۔  بہترین درجے کے بین الپارلیمانی  تعلقات  ترکیہ۔روس تعلقات کو مکمل درجے پر لانے کے حوالے سے ایک مشترکہ کامیابی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

روس کے سفیر یرخوف  نے بھی  کہا ہے کہ "ترکیہ۔ روس تعلقات میں فروغ  ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔فلسطین کے معاملے میں ہم ترکیہ کے ساتھ متفق ہیں"۔



متعللقہ خبریں