ہم، امن فورس کی مداخلت کو نیک نیتی پر مبنی اقدام نہیں سمجھتے: ایردوان

ایک ایسے دور میں کہ جب ہم اپنے ہمسائیوں کے ساتھ تعلقات کو تقویت دینے اور باہمی مسائل دور کرنے کی کوشش میں ہیں پیلہ شاہراہ منصوبے میں مداخلت نیک نیتی پر مبنی اقدام نہیں ہے: صدر ایردوان

2027503
ہم، امن فورس کی مداخلت کو نیک نیتی پر مبنی اقدام نہیں سمجھتے: ایردوان

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ امن فورس کے فوجیوں کی شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کی زمین میں عملی مداخلت ترکیہ کے حوالے سے ہرگز قابل قبول  نہیں ہے۔

صدر ایردوان نے کل دارالحکومت انقرہ  میں صدارتی سوشل کمپلیکس میں کابینہ اجلاس کے بعد عوام سے خطاب کیا  اور انسانی ضروریات کے حل کے لئے شروع کئے گئے 'پیلہ شاہراہ منصوبے  میں امن فورس کے فوجیوں کی مداخلت پر بات کی۔

انہوں نے کہا ہے کہ گذشتہ جمعہ اقوام متحدہ امن فورس کے فوجیوں نے شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کی زمین میں عملی مداخلت کی ہے جو ہمارے لئے ناقابل قبول ہے۔ پیلہ گاوں میں مقیم قبرصی ترکوں کی اپنے وطن تک رسائی کو روکا جانا نہ تو قانونی اقدام ہے اور نہ ہی انسانی۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ امن فورس نے دیہاتیوں کے خلاف جسمانی مداخلت  اور اس مداخلت کے بعد جاری کردہ نامناسب بیانات کے ذریعے اپنے غیرجانبدارانہ اصول پر دھبہ لگا دیا ہے۔ ان بیانات نے مجروح اعتماد  کو مزید نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے منافی اس طرزعمل کی وجہ سے علاقے کے تناو میں دوبارہ سے اضافہ ہو گیا ہے۔ پیلہ شاہراہ منصوبے میں مداخلت ایک ایسے دور میں کی گئی ہے  کہ جب ہم اپنے ہمسائیوں کے ساتھ تعلقات کو دو طرفہ شکل میں تقویت دینے اور باہمی مسائل کو دور کرنےکی کوشش کر رہے ہیں  لہٰذا  ہم اسے نیک نیتی پر مبنی اقدام نہیں سمجھتے"۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ امن فورس سے جو توقعات ہیں وہ یہ کہ علاقائی امن میں خلل ڈالنے کی بجائے اسم بامسمّیٰ روّیہ اختیار کرے اور جزیرے کے تمام فریقین کی انسانی ضروریات کے حل میں کردار ادا کرے۔



متعللقہ خبریں