کیونکہ۔13

میں زبان کا درست استعمال کرتا /کرتی ہوں کیونکہ۔۔۔

2119850
کیونکہ۔13

آج ہم آپ کے ساتھ ایک ایسے موضوع پر بات کریں گے جو روز مرّہ زندگی میں افہام و تفہیم کے پیدا کردہ متعدد الجھے ہوئے مسائل کو حل کرنے میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔  جی۔۔۔ ہمارا موضوع ہے زبان کا درست اور موئثر استعمال اور اس کے نتائج۔ تو آئیے بات شروع کرتے ہیں ۔ "میں زبان کا درست استعمال کرتا /کرتی ہوں کیونکہ۔۔۔"

 

زبان اور سوچ کا باہمی اثرونفوذ کسی شخص کے    ثقافتی، علمی اور شخصی عناصر کے مطابق شکل اختیار کرتا ہے۔ پہلے پہل زبان کو محض ایک واسطہ خیال کیا جاتا تھا۔ ایسا واسطہ  جس کے ذریعے سے احساسات اور خیالات کا اظہار کیا جاتا ہے۔ لیکن اب یہ نظریہ  کہ  اصل میں زبان خیالات کو شکل دیتی ہے  اس سابقہ نظریئے  پر حاوی ہو چُکا ہے۔ اس پیچیدہ  موضوع کو شروع کرنے سے پہلے ہم آپ کو لڈوِنگ وٹگنشٹائن  کا  قول یاد دلانا چاہتے ہیں  جس میں اس نے کہا ہے کہ "میری زبان کی حدیں میری دنیا کی حدیں ہیں"۔   محض یہ ایک جملہ ہی اصل میں اس پہلو کی تفہیم کے لئے کافی ہے کہ دنیا میں ہمارے وجود کا تعّین ہماری زبان کا مرہونِ منّت ہے۔

 

زبان کا درست استعمال ہماری، مقابل فریق کے ساتھ، موئثر رابطہ  قائم کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے۔ کاروبار ، اسکول یہاں تک کہ زندگی کے ہر شعبے میں غلط افہام  وتفہیم سے پیدا ہونے والے مسائل کا مرکزی سبب زبان کا غلط استعمال ہوتا ہے۔ یہ صورتحال ناکامیوں اور محرومیوں سمیت بے شمار منفی حالات کی راہ ہموار کردیتی ہے۔  اپنی مادری زبان کا علم اور وسیع ذخیرہ الفاظ ایسے عناصر ہیں جو اپنا نقطہ نظر درست شکل میں سامنے والے تک پہنچانے اور مقابل فریق کو درست شکل میں سمجھنے کے لئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

 

اپنی مادری زبان پر عبور کسی انسان کی اپنی ثقافت  کو سمجھنے اور اسے بیان کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے۔ یہ خوبی ثقافتی اعتبار سے ایک بھر پور اور معیاری زندگی بسر کرنے میں بھی ہماری مدد کرتی ہے۔ یہی نہیں جس کی مادری زبان کی بنیاد اچھی ہو وہ کوئی بھی غیر ملکی زبان کو زیادہ جلدی سیکھ لیتا ہے۔ صرف و نحو یعنی گرامر کے اصول و قواعد  اور الفاظ  کا علم کوئی بھی نئی زبان سیکھنے کے عمل کو سہل بنا دیتا ہے۔  ان خصوصیات کے حامل فرد کو مختلف زبانوں کی طفیل دنیا کو زیادہ وسیع چوکھٹے سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

 

بہت سے تحقیقاتی کاموں سے ثابت ہوا ہے کہ مادری زبان پر عبور قوّت فِکر اور تخلیقی صلاحیتوں پر بھی نہایت مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ تحقیقاتی نتائج نے ثابت کیا ہے کہ زبان کی ساخت کو اپنا کر اس کا درست استعمال کرنے والے افراد روزمرّہ   ہی نہیں پیشہ وارانہ حوالے سے بھی کامیاب زندگی گزارتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ زبان  کے درست استعمال کی صلاحیت ذہنی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ ایک تازہ تحقیق کے مطابق زبان کا خوبصورت استعمال ہمارے سوچنے سمجھنے کے عمل کی بھی اصلاح کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ ایسے افراد  الزائیمر کے خطرے سے بھی بچے رہتے ہیں۔

 

آخر میں ہم یہ کہنا چاہیں گے کہ زبان کے درست استعمال  کی صلاحیت حاصل کرنے کے لئے اسکول کی تعلیم کے ساتھ ساتھ کتاب ، اخبار اور جرائد کا مطالعہ کرنا تھیئٹر جانا اور لغت کو اپنا دوست بنانا نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ تو آئیے بات اپنے مخصوص جملے پر ختم کرتے ہیں کہ میں زبان کا درست استعمال کرتا / کرتی ہوں کیونکہ میں اپنی دنیا کی حدیں  وسیع کرنا چاہتا / چاہتی ہوں۔

 



متعللقہ خبریں