تنزانیہ: ماربرگ وائرس کی وجہ سے 5 افراد ہلاک

ہم بیماری پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پریشانی کی یا اقتصادی سرگرمیاں روکنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے: وزیر صحت موالیمو

1963491
تنزانیہ: ماربرگ وائرس کی وجہ سے 5 افراد ہلاک

تنزانیہ میں ایبولا فیملی کے وائرس 'ماربرگ' کی وجہ سے 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

تنزانیہ کے وزیر صحت' اُمی موالیمو ' نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ قبل ازیں جاری کئے گئے بیان میں مذکورہ 5 افراد کی اموات کا سبب 'پُراسرار بیماری' بتایا گیا تھا لیکن ان کے جسموں سے حاصل کردہ نمونوں کے تجزیئے میں ماربرگ وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔

موالیمو نے کہا ہے کہ ہسپتال میں داخل مزید 3 مریضوں کا علاج جاری ہے اور ان سے رابطے والے 161 افراد کو مشاہدے میں لے لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم بیماری پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پریشانی کی یا اقتصادی سرگرمیاں روکنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ماربرگ پہلی دفعہ 1967 میں جرمنی کے شہر ماربرگ کی ایک لیبارٹری میں تشخیص کیا گیا تھا۔

یہ وائرس پھل کھانے والی چمگادڑوں سے لگتا اور متاثرہ افراد کی جسمانی رطوبتوں یا پھر چھوُنے سے دوسرے افراد میں منتقل ہوتا ہے۔

ماربرگ وائرس کے مریضوں میں اچانک تیز بخار، شدید سر درد، تھکن اور قے جیسی علامات  ظاہر ہوتی ہیں اور 7 دن میں شدید نکسیر پھوٹنے جیسی ہیمریجک علامات میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔

وائرس کی تاحال کوئی ویکسین یا علاج نہیں ہے۔ وائرس کے سبب موت کا خطرہ 23 فیصد سے 90 فیصد کے درمیان ہوتا ہے۔

2005 میں انگولا میں ماربرگ وباء میں وائرس سے متاثرہ 252 افراد میں سے 90 فیصد کی اموات واقع ہو گئی تھیں۔



متعللقہ خبریں