اومیگا تھری استعمال کیجیےدماغی بیماریوں سے بچیے

اومیگا تھری پروٹین ہماری یادداشت بہتر بناتا ہے اور الزائیمر سمیت کئی دماغی بیماریوں کی روک تھام بھی کرتا ہے۔

746219
اومیگا تھری استعمال کیجیےدماغی بیماریوں سے بچیے

 

کیلیفورنیا میں مختلف اداروں کی مشترکہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اومیگا تھری پروٹین انسانی دماغ میں خون کا بہاؤ بہتر کرتے ہوئے نہ صرف ہماری یادداشت بہتر بناتا ہے بلکہ بڑی عمر کے لوگوں میں الزائیمر سمیت کئی دماغی بیماریوں کی روک تھام بھی کرتا ہے۔

اس سلسلے میں 166 رضاکاروں سے متعلق طبّی معلومات جمع کی گئیں جب کہ ان کے غذائی معمولات کے علاوہ حساس آلات کی مدد سے ان کے دماغوں میں خون کے بہاؤ اور متعلقہ دماغی سرگرمیوں کا بھی تفصیلاً جائزہ   لیا  گیا۔ مطالعے کے بعد معلوم ہوا کہ جو افراد اومیگا تھری فیٹی ایسڈ والی غذائیں بطور معمول استعمال کرتے ہیں وہ یادداشت کے معاملے میں بھی دوسروں سے بہتر رہتے ہیں جب کہ  بڑھاپے میں بھی انہیں دوسرے لوگوں کی نسبت کم تر دماغی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن میں بطورِ خاص الزائیمر کی بیماری نمایاں ہے۔

الزائیمر کے علاوہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کو مالیخولیا، ڈپریشن اور ڈیمنشیا کی روک تھام کے لئے بھی انتہائی مفید پایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مچھلی، مرغی اور انڈوں کے علاوہ السی کے بیجوں، خشک میوہ جات، بادام، پودینہ اور پالک میں بھی اومیگا تھری فیٹی ایسڈ وافر مقدار میں پایا جاتا ہے ۔



متعللقہ خبریں