"نئی حکومت ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ہوگی"لبنانی صدر کا قوم سے خطاب

لبنانی صدرمیشیل عون نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کی نئی حکومت ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ہوگی اور وزراء کا انتخاب سیاسی وابستگی کے بجائے ہُنر ومہارت پر کیا جائے گا

1298201
"نئی حکومت ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ہوگی"لبنانی صدر کا قوم سے خطاب

لبنانی صدرمیشیل عون نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کی نئی حکومت ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ہوگی اور وزراء کا انتخاب سیاسی وابستگی کے بجائے ہُنر ومہارت پر کیا جائے گا۔

انھوں نے یہ بات  گزشتہ روز  اپنی صدارت کے تین سال مکمل ہونے پرایک نشری خطاب میں کہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ لبنان اس وقت بالخصوص معاشی پہلو سے ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے اور اس کو ایک اہل حکومت کی ضرورت ہے جو کہ پیداواری صلاحیت کی حامل ہونی چاہیے اور سیاسی تنازعات  اس کے لائحہ عمل کی راہ میں حائل نہیں ہونے چاہییں جبکہ اسے عوام کی حمایت  بھی حاصل ہونی چاہیے۔

لبنانی صدر نے کہا کہ ابھی تک معیشت کی بحالی کے لیے مجوزہ اصلاحاتی منصوبے کی منظوری نہیں دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ  مستعفی وزیراعظم سعد الحریری نے ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے بعد یہ منصوبہ پیش کیا تھا۔

انھوں نے مظاہرین پر یہ بھی زور دیا کہ وہ ملک کی پارلیمان پر ایک مجوزہ قانون کی منظوری کے لیے بھی دباؤ ڈالیں جس کے تحت ریاست کی لوٹی گئی رقوم کو قومی خزانے میں لوٹایا جائے۔

صدر میشیل عون نے یہ تقریروزیراعظم سعد الحریری کے استعفے کے دوروز بعد کی ہے۔

ان کے استعفی کے اعلان کے بعد گزشتہ  بدھ کو مظاہروں کا زور ٹوٹ گیا تھا لیکن رات لبنانی شہری ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر نکل آئے تھے  اور گزشتہ روز انھوں نے احتجاجی مظاہرے کیے  اور مزید ارباب اقتدار کے استعفوں کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

 



متعللقہ خبریں