مشرق وسطی تباہی کے دہانے پر ہے،خطرہ کم کیا جائے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطی تباہی کے دہانے پر ہے اور خطے کے لوگوں کو ایک تباہ کن جنگ کے حقیقی خطرے کا سامنا ہے

2127588
مشرق وسطی تباہی کے دہانے پر ہے،خطرہ کم کیا جائے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطی تباہی کے دہانے پر ہے اور خطے کے لوگوں کو ایک تباہ کن جنگ کے حقیقی خطرے کا سامنا ہے۔

انہوں نے  گزشتہ  روز کہا کہ نہ تو خطہ اور نہ ہی دنیا مزید جنگوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

 ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد بلائے گئے سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران انہوں نے تمام فریقین سے انتہائی تحمل کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا کہ وقت آگیا ہے کہ کشیدگی پر قابو پایا جائے۔

گوتیرس کا یہ بیان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران سامنے آیا جس میں مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت اور اسرائیل پر ایرانی حملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اقوام متحدہ میں امریکہ کے نائب مندوب رابرٹ ووڈ نے کہا کہ ایران کے اقدامات سے نہ صرف اسرائیل کے لیے خطرہ ہیں بلکہ مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کی سلامتی کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

 ووڈ نے اجلاس کے دوران مزید کہا کہ "سلامتی کونسل کو ایران کوجوابی کارروائی سے بچنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ واشنگٹن اقوام متحدہ میں ایران کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے اضافی اقدامات کرے گا .

اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف غیر معمولی حملے کے بعد ایران پر تمام ممکنہ پابندیاں عائد کرے۔

گیلاد اردان نے کہا کہ کونسل کو عمل کرنا چاہیے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے ایران کے خلاف تمام ممکنہ پابندیاں عائد کی جائیں۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب امیر سعید ایرانی نے گزشتہ روز کہا کہ ان کے ملک کی طرف سے گزشتہ رات اسرائیل کے خلاف شروع کیا گیا حملہ اس کے اپنے دفاع کے حق میں تھا۔

انہوں نے ایرانی حملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملہ کرکے اقوام متحدہ کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہمارا ردعمل ضروری اور درست تھا اور ہم نے اسے احتیاط سے  عملی جامہ پہنایا تاکہ کشیدگی میں اضافے کے امکانات کو کم کیا جا  سکے ۔

 



متعللقہ خبریں