امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر مشق کے دوران گر کر تباہ،3 فوجی ہلاک

اوسپری وی 22 ہیلی کاپٹر میں 23 امریکی فوجی موجود تھے اور حادثے کے نتیجے 3 فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ 5 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے

2029664
امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر مشق کے دوران گر کر تباہ،3 فوجی ہلاک

آسٹریلیا میں فوجی مشقوں کےدوران امریکی فوج کا ہیلی کاپٹرگر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے۔

شمالی آسٹریلیا کے علاقے ڈارون سے 60 کلو میٹر دور میلویل جزیرے کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔

خبر کے مطابق  ،اوسپری وی 22 ہیلی کاپٹر میں 23 امریکی فوجی موجود تھے اور حادثے کے نتیجے 3 فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ 5 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

آسٹریلیا کی وزارت دفاع کے مطابق یہ حادثہ آسٹریلیا، امریکہ، مشرقی تیمور، انڈونیشیا اور فلپائن کی افواج کی مشترکہ تربیتی مشقوں کے دوران پیش آیا۔

آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اسے المناک سانحہ قرار دیا مگر اس حوالے سے تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ حادثے میں متاثر ہونے والے افراد کو بچانے پر مرکوز ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق 5 امریکی فوجیوں کو علاج کے لیے ڈارون منتقل کیا گیا ہے جبکہ باقی معمولی زخمی ہیں جن کو جائے حادثہ پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔

امریکہ اور آسٹریلیا کے درمیان حالیہ برسوں میں فوجی شراکت داری میں اضافہ ہوا ہے تاکہ چین کے بڑھتے اثر رسوخ کی روک تھام کی جاسکے۔

اوس پری ہیلی کاپٹر ہونے کے ساتھ ساتھ ٹربو طیارے کے فیچرز سے بھی لیس ہے۔

یہ ہیلی کاپٹر کی طرح ٹیک آف اور لینڈ کر سکتا ہے مگر کسی روایتی ہیلی کاپٹر کے مقابلے میں زیادہ تیز رفتاری سے سفر کر سکتا ہے۔

 



متعللقہ خبریں