ٹرمپ 24 اگست کو عدالت میں پیش ہونگے

ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف، یہ چوتھا فوجداری مقدمہ ہے جو 2024 کے صدارتی انتخابات میں امریکہ کی صدارت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں

2027605
ٹرمپ 24 اگست کو عدالت میں پیش ہونگے

 سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جارجیا میں قائم مقدمے میں ان کی ضمانت کے لیے 2لاکھ ڈالر کی بانڈ مقرر کی گئی ہے ۔

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2020 کے  انتخابات میں صدر بائیڈن سے شکست کے بعد انتخابی نتائج الٹانے کی سازش کی۔

ضمانت کی اس رقم کا معاہدہ ٹرمپ کے وکلاء دفاع اور فلٹن کاؤنٹی کی ڈسٹرکٹ اٹارنی فانی ولس کے درمیان طے پایا۔

اس کے تحت ٹرمپ کو مقدمے میں اپنے ساتھ نامزد دیگر ملزموں ،اپنے خلاف گواہوں اور متاثرین کو دھمکانے کی ممانعت ہو گی اور ایسا وہ سوشل میڈیا پر بھی نہیں کر سکیں گے۔

انہیں اس مقدمے سے متعلق حقائق دیگر نامزد افراد اور گواہان کے ساتھ براہِ راست یا بالواسطہ شئیر کرنے کی ممانعت ہو گی سوائے اس کے کہ ایسا وکلاء کے ذریعے کیا جائے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف، یہ چوتھا فوجداری مقدمہ ہے جو 2024 کے صدارتی انتخابات میں امریکہ کی صدارت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

ولس نے ٹرمپ اور ان کے ساتھ نامزد دیگر 18 افراد  کے لیے جمعے کی دوپہر تک کی مدت مقرر کی تھی کہ وہ خود کو قانون کے حوالے کردیں تاکہ انہیں فلٹن کاؤنٹی جیل بھیجا جا سکے۔

 استغاثہ نے تجویز دی تھی کہ نامزد افراد کے خلاف مقدمے کی کارروائی 5 ستمبر کے ہفتے کے دوران کی جائے۔

ٹرمپ کے ترجمان یا اٹارنی نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

ٹرمپ پر فردِ جرم گزشتہ ہفتے عائد کی گئی تھی ،ان کے ساتھ متعدد دیگر لوگوں کو بھی نامزد کیا گیا تھا جن پر الزام تھا کہ انہوں نے ڈیمو کریٹک جو بائیڈن کے مقابلے میں شکست کھا جانے والے ریپبلکن کو وائٹ ہاؤس میں برقرار رکھنے کی کوشش میں رائے دہندگان کے فیصلے کو سبوتاژ کرنے کی سازش کی۔

ٹرمپ کسی بھی غلط اقدام سے انکار کرتے ہیں اور وہ تین دیگر مقدموں سمیت اس فوجداری مقدمے کو ان کی 2024 کی صدارتی مہم کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا نام دیتے ہی

گزشتہ روز زرِ ضمانت ان تین وکلاء کے لیے بھی طے کیا گیا جن پر ٹرمپ کے ساتھ ہی فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔

ان تینوں وکلاء میں ریکو کے لیے 20 ہزار ڈالر، جان ایسٹ مین کے لیے ایک لاکھ ڈالر اور رے سمتھ کے لیے 50 ہزار ڈالر زرِ ضمانت طے کیا گیا ہے۔

دیگر نامزد شخصیات میں وائٹ ہاؤس کے سابق چیف آف سٹاف مارک میڈوز، ٹرمپ کے اٹارنی اور نیو یارک شہر کے سابق مئیر روڈی جولیانی اور ٹرمپ انتظامیہ میں محکمہ انصاف کے عہدیدار جیفری کلارک شامل ہیں جنہوں نے اس وقت کے صدر ٹرمپ کی جارجیا کےالیکشن میں شکست کوفتح میں بدلنے کی کوشش کی۔



متعللقہ خبریں