امریکہ:لاوارث ٹرک سے درجنوں لاشیں برآمد

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں ایک لاوارث ٹرک سے کم از کم 46 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ مہاجرین تھے

1848880
امریکہ:لاوارث ٹرک سے درجنوں لاشیں برآمد

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں ایک لاوارث ٹرک سے کم از کم 46 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ مہاجرین تھے۔

خبر کے مطابق، آگ بجھانے والے سرکاری اہلکار نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ 4 بچوں سمیت 16 افراد زندہ تھے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔

 ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ  وہ افراد شدید لو لگنے کا شکار تھے اور گرمی کے باعث نڈھال تھے،ان کے جسم بھی آگ کی طرح گرم تھے۔

 شہر کے فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق یہ واقعہ میکسیکو اور امریکی کی سرحد پر انسانی اسمگلنگ کا واقعہ لگتا ہے۔

شہرکے میئر رون نیرنبرگ نے اس واقعے پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے بھیانک انسانی المیہ قرار دیا، انہوں نے تصدیق کی کہ مرنے والوں میں پورے پورے خاندان تھے، ممکن ہے کہ یہ سب بہتر زندگی کے لیے یہاں ہجرت کرکے آئے ہوں۔

آگ بجھانے والے سرکاری اہلکار کا کہنا ہے کہ  ہنگامی امداد فراہم کرنے والے اہلکار ایک لاش ملنےکی اطلاع کے بعد اس جگہ پہنچے،انہوں نے وہاں کھڑے مشکوک ٹرک کو کھولا تو اس میں لاشیں دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ سان انتونیو کا علاقہ انسانی اسمگلروں کے لیے ایک اہم گزرگاہ تصور کیا جاتا ہے جو امریکہ میں بغیر دستاویزات کے داخل ہونے والے تارکین وطن کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کے لیے بڑے بڑے ٹرکوں کا استعمال کرتے ہیں۔



متعللقہ خبریں