بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فِچ نے ترکیہ کی ریٹنگ میں مزید ایک درجے کا اضافہ کر دیا
فچ کی رواں سال کے لیے ترکیہ کی شرح نمو کی توقع 3.5 فیصد اور افراط زر کی توقع 43 فیصد ہے
بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فِچ نے ترکیہ کی ریٹنگ میں ایک اور درجے کا اضافہ کیا ہے۔
ایجنسی نے ترکیہ کی کریڈٹ ریٹنگ کو ایک قدم بڑھا کر B+ سے BB-اور درجہ بندی کے آؤٹ لک کو "مستحکم" قرار دیا ہے۔
درجہ بندی میں اضافے کے فیصلے کے جواز میں "غیر ملکی زرمبادلہ کی طلب میں کمی، ذخائر کو مضبوط کرنا اور سرمائے کی آمد میں اضافہ" کا حوالہ دیا گیا۔
پالیسی مکس میں مستقل مزاجی کی طرف بھی توجہ مبذول کروائی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ نافذ کردہ پالیسیاں مہنگائی میں کمی میں معاون ہوں گی۔
فچ کی رواں سال کے لیے ترکیہ کی شرح نمو کی توقع 3.5 فیصد اور افراط زر کی توقع 43 فیصد ہے۔
وزیر خزانہ مہمت شمشیک نے سوشل میڈیا پر اس فیصلے کے بارے میں ایک پوسٹ شیئر کی۔
جناب شمشیک کا کہنا ہےکہ "ہمارے پروگرام کی بدولت جو ہمارے میکرو فنانشل استحکام کو مضبوط کرتا ہے اور ہماری لچک کو بڑھاتا ہے، ہم واحد ملک ہیں جس نے 2024 میں تین بڑی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں سے ریٹنگ میں اضافہ حاصل کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے اعلان کردہ ہمارے درمیانی مدت کے پروگرام کی بدولت گزشتہ ایک سال میں حاصل کردہ مثبت پیش رفت کوہم پائدار بنائیں گے اور ملکی معیشت پر اعتماد میں مزید اضافہ کریں گے۔"
وزیر تجارت عمر بولات کا بھی کہنا ہے کہ فچ کا فیصلہ ایک بار پھر ظاہر کرتا ہے کہ ترک معیشت کے میکرو اکنامک رحجان میں بہتری کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔
یاد رہے کہ فچ نے امسال مارچ میں ترکیہ کی کریڈٹ ریٹنگ میں ایک درجے کا اضافہ کیا تھا اس طرح تنظیم نے اس سال دوسری بار ترکیہ ریٹنگ میں اضافہ کیا ہے۔