فلسطینی عوام اور حکّام کے لئے عائشہ نور' شہید' ہے: ریاض منصور
فلسطینی عوام اور حکّام کی نگاہ میں عائشہ نور شہید ہے، شہید کی لاش کو فلسطین کے صدر محمود عباس کے صدارتی دفتر سے ابدی سفر پر روانہ کیا گیا ہے: ریاض منصور
اقوام متحدہ کے لئے فلسطین کے مستقل نمائندے ریاض منصور نے کہا ہے کہ "فلسطینی عوام اور حکّام کے لئے عائشہ نور' شہید' ہے"۔
اناطولیہ خبر ایجنسی کے رپورٹر نے منصور سے 'عائشہ نور ایزگی ایگی' کے بارے میں سوال پوچھا اور کہا کہ "امریکہ انتظامیہ نے، گذشتہ ہفتے مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں اسرائیل کے ماہر نشانہ باز کی فائرنگ سے قتل کی گئی ترک۔امریکن ایکٹیوسٹ 'عائشہ نور' کے بارے میں، اسرائیلی بیان کو قبول کر لیا اور اسے ایک حادثہ قرار دیا ہے۔ لیکن عینی شاہد اس بیان کو جھٹلا رہے ہیں۔ آپ اس صورتحال کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟"
سوال کے جواب میں ریاض منصور نے کہا ہے کہ "فلسطینی عوام اور حکّام کی نگاہ میں عائشہ نور شہید ہے۔ عائشہ نور پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے۔ شہید کی لاش کو فلسطین کے صدر محمود عباس کے صدارتی دفتر سے ابدی سفر پر روانہ کیا گیا ہے"۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ دریائےا ردن کے مغربی کنارے میں پُر امن مظاہرے کے دوران مظاہرین پر فائر کھول دیا اور ترک۔امریکن شہری عائشہ نور ایزگی کو سر میں گولی مار کے قتل کر دیا تھا۔
عائشہ نور کو فلسطینیوں کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں وہ 6 ستمبر کو شہید ہو گئی تھی۔
شہید کی لاش کو 14 ستمبر کو ضلع آئیدن کی تحصیل دیدم میں سُپردِ خاک کر دیا گیا تھا۔
عائشہ نور ایزگی فلسطینی زمین پر اسرائیلی قبضے کے خلاف پُر امن اور سول طریقے سے فلسطینیوں کی حمایت کرنے والی بین الاقوامی اتحاد تحریک کی رضا کار اور انسانی حقوق کی علمبردار تھی۔