پارٹی کے تمام ارکان لز ٹرس کی حمایت کریں : بورس جانسن

ایک پیغام میں بورس جانسن کا کہنا تھا کہ لزٹرس کو ان کی فیصلہ کُن جیت مبارک ہو، مجھے معلوم ہےکہ نظام زندگی کے بحران سے نمٹنے کے لیے لزٹرس کے پاس درست منصوبہ بندی موجود ہے

1876375
پارٹی کے تمام ارکان لز ٹرس کی حمایت کریں : بورس جانسن

برطانیہ کے سابق وزیراعظم بورس جانسن نے ملکہ برطانیہ کو استعفی پیش کرنے کیلئے اسکاٹ لینڈ روانگی سے قبل ڈاؤننگ اسٹریٹ میں الوداعی خطاب کیا۔

بورس جانسن نے خطاب میں کہا کہ نئی وزیراعظم لزٹرس کو میری حمایت حاصل رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ میری حکومت نےبریگزٹ کاعمل مکمل کیا، یورپ بھرکی نسبت برطانیہ میں کورونا کی تیزی سے ویکسین لگی،  یوکرین کو ہتھیاروں کی سپلائی میں اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ  توانائی کا بحران پیدا کرکے روسی صدر پوٹن ہمیں بلیک میل نہیں کرسکتے، ٹوری حکومت عوام کو اس بحران سے نکال لے گی۔

گزشتہ روز لِز ٹَرس کو برطانیہ کی نئی وزیراعظم منتخب کرلیاگیا ، انہوں نے پارٹی لیڈر منتخب ہونے کی دوڑ میں اپنی ہی پارٹی کے رشی سونک کوشکست دی۔

برطانیہ میں وزیراعظم کی کرسی چھوڑنے والے سابق وزیراعظم بورس جانسن نے نئی وزیراعظم لزٹرس کو مبارک باد دی ہے۔

ایک پیغام میں بورس جانسن کا کہنا تھا کہ لزٹرس کو ان کی فیصلہ کُن جیت مبارک ہو، مجھے معلوم ہےکہ نظام زندگی کے بحران سے نمٹنے کے لیے لزٹرس کے پاس درست منصوبہ بندی موجود ہے۔

 بورس جانسن کا کہنا تھا کہ لز ٹرس کے پاس کنزرویٹو پارٹی کومتحد کرنےکی بھی اچھی منصوبہ بندی ہے اور  وہ قومی اتحاد و ملکی ترقی کے عظیم کام جاری رکھنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔

انہوں نے پارٹی ارکان کو کہا کہ کنزرویٹو پارٹی کے تمام ارکان لزٹرس کا 100 فیصد ساتھ دیں۔

خیال رہےکہ اسکینڈلز سامنے آنے پر اپنی جماعت کے مطالبے پر بورس جانسن نے7 جولائی کو وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔



متعللقہ خبریں