روسی فوج کی پیش قدمی جاری،خیرسون شہر پر قبضہ

کییف میں ملک کے سب سے بڑے ٹی وی ٹاور پر ایک راکٹ حملہ ہوا جس میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ روسی فوجیوں کی جانب سے بمباری تیز ہوگئی ہے

1788237
روسی فوج کی پیش قدمی جاری،خیرسون شہر پر قبضہ

یوکرین میں جاری جنگ کے دوران جنوبی شہر خیرسون پر روسی فوج کے قبضے کی اطلاعات ہیں۔

مقامی ٹی وی پر نشر کی جانے والی ویڈیو میں روسی بکتر بند گاڑیوں اور فوجیوں کو خیرسون کی سڑکو ں پر گشت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

خیرسون دارالحکومت کییف سے تقریباً 25 کلومیٹر دور ہے۔

روسی فوج کا تقریباً 60 کلومیٹر طویل فوجی قافلہ کییف کی طرف بڑ ھ رہا ہے۔

اس دوران کییف میں ملک کے سب سے بڑے ٹی وی ٹاور پر ایک راکٹ حملہ ہوا جس میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔

خارکیف میں بھی روسی فوجیوں کی جانب سے بمباری تیز ہوگئی ہے جس میں گیارہ افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔

اوختائیرکا قصبے میں ایک فوجی اڈے پر روسی فوج کی بمباری میں 70 سے زائد یوکرینی فوج مارے گئے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ٹوئٹ میں کہا کہ اگر بابی یار پر بم گرنے پر دنیا خاموش رہتی ہے تو پھر 80سال تک دوبارہ ایسا نہیں ہو گا کہنے کا کوئی فائدہ نہیں، ایک مرتبہ پھر یہ بربر لوگ ہولوکاسٹ کے متاثرین کو قتل کررہے ہیں۔

یہ ٹاور بابی یار کھائی کے قریب واقع ہے جہاں جنگ عظیم دوئم کے دوران نازیوں نے 30ہزار سے زائد یہودیوں کو قتل کیا تھا، اس جگہ پر یادگار بھی بنائی گئی تھی جس کی زیارت کے لیے چند یہودی زیارت کے لیے بھی آتے ہیں۔

یوکرین کے حکام نے روس پر اس یادگار کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی عائد کیا۔

کیف کے میئر ویتالی کلچکو نے کہا کہ حملے سے ٹاور کے ٹرانسفارمر سب اسٹیشن کو نقصان پہنچا جو بجلی کے ساتھ ساتھ کچھ ہارڈویئر بھی فراہم کرتا ہے۔

وزارت داخلہ نے کہا کہ پروگرامنگ کی بحالی کے لیے بیک اپ سسٹم چلایا جائے گا۔

اس حملے کے ایک گھنٹے بعد یوکرین کے اکثر چینل دوبارہ معمول کے مطابق چلنے لگے تھے۔

اس سے قبل روس کی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا تھا کہ ہماری افواج کیف میں ٹیکنالوجی کے انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنائیں گی تاکہ روس پر ہونے والے انفارمیشن کے حملوں کو روکا جا سکے۔

انہوں نے اس دوران ایس بی یو سیکیورٹی سروس اور سائیکلوجیکل آپریشنز یونٹ کو نشانہ بنانے کی بات کی تھی اور اس میں ٹیلی ویژن ٹاور کو نشانہ بنانے کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔

 



متعللقہ خبریں