جرمنی میں یوم اتحاد کی تقریب،چانسلر میرکل کا آخری خطاب

جرمن چانسلر  میرکل نے اپنے خطاب میں  جرمن اتحاد کی تین دہائیاں  مکمل ہونے کے باوجود اب بھی جمہوری نظام کے تحفظ اور تسلسل کے لیے ہر روز جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا

1714265
جرمنی میں یوم اتحاد کی تقریب،چانسلر میرکل کا آخری خطاب

جرمنی میں یوم اتحاد کے جشن کی تقریبات کا آغاز مسیحی، یہودی اور اسلامی مذہبی رسومات کے ساتھ کیا گیا۔ اس موقع پر جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے جمہوریت کے تحفظ اور تسلسل پر زور دیا ہے۔

وفاقی جمہوریہ  جرمنی کے دوبارہ اتحاد کی اکتیسویں سالگرہ  کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جاری ہیں، اس سلسلے کی مرکزی تقریب جرمنی  کے مشرقی صوبے سیکسنی انہالٹ کے شہر ہالے میں منعقد کی گئی۔

جرمن چانسلر  میرکل نے اپنے خطاب میں  جرمن اتحاد کی تین دہائیاں  مکمل ہونے کے باوجود اب بھی جمہوری نظام کے تحفظ اور تسلسل کے لیے ہر روز جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا۔

 ان کے بقول جمہوریت ایسے ہی نہیں قائم رہے گی بلکہ ہمیں اس کے لیے ہر روز ایک دوسرے کے ساتھ مل کر بار بار کام کرنا ہوگا۔

سابقہ مشرقی جرمنی  سے تعلق رکھنے والی چانسلر میرکل نے مزید کہا کہ جمہوریت کی کامیابیوں کو بعض اوقات بہت آسان لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسے دور میں رہتے ہیں جہاں واضح طور پر آزادی صحافت جیسی اہم اقدار پر حملے کیے جارہے ہیں، عوامی سطح پر نفرت، جھوٹ، اور غلط معلومات کو بغیر کسی روک تھام کے ہوا دی جارہی ہے جو کہ صرف کسی فرد یا گروپ پر نہیں بلکہ خود جمہوریت پر حملہ ہے۔

16  سال  تک جرمن چانسلر کے عہدے پر فائض رہنے کے بعد یہ ان کا یوم اتحاد کی تقریب  سے آخری خطاب تھا۔

 تمام شرکا نے میرکل کو خطاب کے بعد پرزور تالیوں کے ساتھ کھڑے ہوکر خراج تحسین پیش کیا۔

 



متعللقہ خبریں