آسٹریا: دہشت گردانہ حملہ، 2 افراد ہلاک، 15 زخمی

ویانا میں ایک یہودیوں کی عبادت گاہ کے جوار میں دہشت گردی کے حملے میں ایک شہری اور ایک حملہ آور سمیت 2 افراد ہلاک ہو گئے

1520771
آسٹریا: دہشت گردانہ حملہ، 2 افراد ہلاک، 15 زخمی

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایک یہودیوں کی عبادت گاہ کے جوار میں دہشت گردی کے حملے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

آسٹریا وزارت داخلہ کے ترجمان ہارالڈ سوروس نے آسٹریا خبر ایجنسی APA کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ نامعلوم افراد اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں ایک شہری اور ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا ہے۔

ویانا محکمہ صحت کے ترجمان کرسٹوف میراو کے مطابق حملے میں 15 افراد زخمی  ہوئے ہیں جن میں سے 7 کی حالت نازک ہے۔

وزیر داخلہ کارل نیہیمر نے منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ یہ دن آسٹریا کی تاریخ کے مشکل دنوں میں سے ایک تھا۔ اس وقت ہمیں ایک کھُلے دہشت گردانہ حملے کا سامنا ہے ۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حملے میں ایک شہری ہلاک اور بہت سے افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ہماری اسپیشل ٹیموں کی کامیاب مداخلت کے نتیجے میں ایک حملہ آور بھی ہلاک کر دیا گیا ہے۔تازہ معلومات کے مطابق ایک حملہ آور فرار ہو گیا ہے"۔

نیہیمر نے شہریوں سے اشد ضرورت نہ ہونے کی صورت میں باہر نکلنے سے پرہیز کرنے اور  گھروں میں رہنے، ویانا سے دُور رہنے اور بچوں کو اسکول نہ بھیجنے کی  اپیل کی ہے۔

آسٹریا کے وزیر اعظم سبسٹیان کروز نے بھی سوشل میڈیا سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ"ہماری پولیس اس مکروہ دہشت گردانہ حملے کے فاعلوں کے خلاف پُر عزم جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے"۔

کروز نے بین الاقوامی برادری کی طرف سےموصول ہونے والے باہمی اتحاد کے پیغامات پر شکریہ ادا کیا ، ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لئے اظہارِ تعزیت اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کی تمنّا کا اظہار کیا ہے۔

دوسری طرف یہودی برادری کےسربراہ آسکر ڈوئچے نے سوشل میڈیا سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جائے وقوعہ کے علاقے میں واقع یہودی عبادت گاہ حملے کے وقت بند تھی تاہم یہ بات تاحال واضح نہیں ہے کہ آیا حملے کا ہدف عبادت گاہ تھی یا نہیں۔



متعللقہ خبریں