یورپی یونین کی منی لانڈرنگ کے خلاف جدوجہد، نئی اتھارٹی کے قیام کی تجویز

ہمارا مقصد ایک جامع عملی پلان کی مدد سے منی لانڈرنگ کو ختم کرنا: واڈیس ڈومبرووسکی

1412925
یورپی یونین کی منی لانڈرنگ کے خلاف جدوجہد، نئی اتھارٹی کے قیام کی تجویز

یورپی یونین کمیشن  نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف جدوجہد  کے لئے ایک نئی اتھارٹی قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

یورپی یونین کمیشن  کے تجربہ کار نائب سربراہ واڈیس ڈومبرووسکی نے بیلجئیم کے دارالحکومت برسلز میں مالی جرائم کے خلاف جدوجہد  کے بارے میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔

کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد ایک جامع عملی پلان کی مدد سے منی لانڈرنگ کو ختم کرنا اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف جدوجہد  کے لئے اپنے دفاعی سسٹم کو زیادہ مضبوط بنانا ہے۔ منی لانڈرنگ کے خلاف جدوجہد کے لئے ہم  یورپی یونین کا ایک نیا ادارہ بھی قائم کر سکتے ہیں۔

 ڈومبرووسکی نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کے خلاف جدوجہد کے لئے یورپی بینکنگ اتھارٹی کو اختیارات کی تفویض بھی ترجیحات میں شامل ہے۔ یونین کے اندر مالی قوائد کے اطلاق میں نرمی نہیں کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت  کے خلاف جدوجہد کے بارے میں اپنے منصوبوں کو 12 ماہ کے اندر عملی شکل دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

دوسری طرف یورپی یونین کمیشن نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف جدوجہد میں ناکام رہنے والے ممالک کی فہرست میں مزید 12 ممالک کو شامل کر دیا ہے۔

نئی شکل میں فہرست میں افغانستان، عراق، پاکستان، شام، یمن، ایران، شمالی کوریا، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور ویتنام کے ساتھ باہاما، باربادوس، بوٹساوانا، کمبوچیا، گھانا، جمیکا، ماوریتیوس، منگولیا، میانمار، نکاراگووا، پاناما اور زمبابوے شامل ہیں۔

فہرست سے بوسنیا ہرزیگوینیا، گویانا، لاوس، ایتھوپیا، سری لنکا اور تیونس کے نام خارج کر دئیے گئے ہیں۔

توقع ہے کہ یورپی پارلیمنٹ اور یورپی یونین کونسل کی منظوری کے بعد تبدیلیاں نافذ العمل ہو جائیں گی۔



متعللقہ خبریں