شیطان کیتھولک کلیسا کو مسمار کرنے کے لئے اضافی کوششیں کر ر ہا ہے: پوپ فرانسس

تمام کیتھولک عیسائی شیطان کو شکست دینے کے لئے پورے ماہِ اکتوبر میں ہر روز خصوصی دعائیں کریں: پوپ فرانسس

1064788
شیطان کیتھولک کلیسا کو مسمار کرنے کے لئے اضافی کوششیں کر ر ہا ہے: پوپ فرانسس

عیسائیوں کے کیتھولک فرقے کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ شیطان ایک حقیقت  ہے اور کیتھولک کلیسا کو مسمار کرنے کے لئے اضافی کوششیں کر ر ہا ہے۔

پوپ فرانسس نے کلیسا میں جنسی زیادتی کے اسکینڈلوں  کا ذمہ دار  شیطان کا ٹھہرایا ہے اور تمام کیتھولک عیسائیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ  شیطان کو شکست دینے کے لئے پورے ماہِ اکتوبر میں ہر روز خصوصی دعائیں کریں۔

سن 2013 میں موجودہ عہدہ سنبھالنے کے بعد پوپ فرانسس نے شیطان کے ایک حقیقت ہونے پر یقین رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں شیطان کو کسی افسانے ، تمثیل ، علامت  یا تصور کے طور پر نہیں سوچنا چاہیے کیونکہ ایسا کرنے سے ہم خود کو اس کے شر سے نہیں بچا سکتے اور زیادہ غیر محفوظ ہو جاتے ہیں۔

ویٹیکن ایک طرف تو بین الاقوامی سطح پر جنسی زیادتی کے اسکینڈلوں  کے خلاف جدوجہد  کر رہا ہے تو دوسری طرف اسے کلیسا کے اندر کے لبرل  اور متعصب عیسائیوں کے درمیان  فکری اختلافات   کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ کی ریاست پینسلوانیا  میں ایک جیوری  کی طرف سے کیتھولک کلیسا  میں جنسی زیادتی کے اسکینڈل  سے متعلق کی جانے والی  تحقیقات کے بعد پیش کردہ رپورٹ وسیع پیمانے پر بحث و مباحثے کا سبب بنی تھی۔

رپورٹ میں  کیتھولک کلیسا  کے 300 راہبوں کے 70 سال کے عرصے میں ایک ہزار بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا ذکر کیا گیا تھا۔

مذکورہ رپورٹ کو سال 2002  میں روزنامہ بوسٹن کی جنسی زیادتی سے متعلق شائع کردہ رپورٹ  سے لے کر اب تک کی، امریکہ میں کیتھولک کلیسا میں جنسی زیادتی کے واقعات  سے متعلق عوام تک پہنچنے والی ،جامع ترین رپورٹ قبول کیا جاتا ہے۔



متعللقہ خبریں