پاکستان بحریہ کا بحری جہاز زلزلہ سے متعلق امدادی سامان لے کر مرسین پہنچ گیا

پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نصر زلزلہ سے متعلق امدادی سامان، خاص طور پر موسم سرما کے خیمے (1800) اور کمبل (22000) لے کر آج مرسین بندرگاہ پہنچ گیا

1962379
پاکستان بحریہ کا بحری جہاز زلزلہ سے متعلق امدادی سامان لے کر مرسین پہنچ گیا

پاکستان بحریہ کا بحری جہاز زلزلہ سے متعلق امدادی سامان لے کر مرسین پہنچ گیا ہے ۔

پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نصر زلزلہ سے متعلق امدادی سامان، خاص طور پر موسم سرما کے خیمے (1800) اور کمبل (22000) لے کر آج مرسین بندرگاہ پہنچ گیا۔ جہاز کا استقبال گورنر مرسین علی حمزہ پہلوان نے کیا  جبکہ اس موقع پر   ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، ڈپٹی گورنر ابراہیم کچک ، مرسین پولیس چیف، مہمت اسلان، ترک معززین اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان  ڈاکٹر یوسف جنید نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی  دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک مشترکہ تاریخ اور ورثہ کے مالک  اور   مشترکہ مستقبل کا تصور رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے اوترکیہ ان زلزلوں سے ہونے والی تباہی سے مزید مضبوط ہو کر نکلے گا۔

اپنے بیان میں گورنر مرسین جناب   علی حمزہ پہلوان نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے مثالی یکجہتی اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ پاکستانی عوام کے دل ترک بھائیوں کے دلوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ  مکمل  یکجہتی پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

کمانڈر پی این ایس نصر کموڈور سہیل احمد اعظمی نے کہا کہ ترک قوم اپنی لچک اور طاقت سے بہت جلد اس آفت پر قابو پالے گی۔

وزیر اعظم کی ہدایت پر 6 فروری 2023 کو اسلام آباد اور انقرہ کے درمیان فوری طور پر ایک ہوائی پل قائم کیا گیا تھا تاکہ ریسکیو ٹیموں کو لے جایا جا سکے اور ضروری امدادی سامان پہنچایا جا سکے۔ اس کے بعد سے، زلزلے سے متعلق امدادی سامان برادر ترکیہ کو ہوائی، زمینی اور سمندری راستوں سے پہنچایا جا رہا ہے۔

زلزلے سے متعلق امدادی سامان کی فوری ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے، بنیادی طور پر 50,000 خیمے، ایک چارٹرڈ فضائی آپریشن فی الحال جاری ہے۔ روزانہ اوسطاً تین پروازیں زلزلے سے متاثرہ علاقے میں انتہائی ضروری خیمے  پہنچا رہی ہیں ۔ 11 مارچ سے، اس خصوصی فلائٹ آپریشن نے ترکیہ کو 25000 سے زیادہ خیمے فراہم کیے ہیں۔

اس سے قبل 10 خصوصی طیارے جن میں پاکستان ایئر فورس (PAF) کے تین C-130، ایک PAF IL-78، تین ترکش ایئر کرافٹ، پی آئی اے کی تین چارٹرڈ پروازیں اور 21 ٹرکوں کا قافلہ تقریباً 10,000 خیموں اور 35,000 کمبلوں سمیت زلزلہ سے متعلق امدادی سامان لے کر  ترکیہ آئے ہیں۔

مزید برآں، الخدمت فاؤنڈیشن، ایدھی فاؤنڈیشن، بیت الاسلام ویلفیئر ٹرسٹ، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سمیت پاکستانی خیراتی ادارے بھی ترکیہ کے زلزلہ زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو جار رکھے ہوئے ہیں۔



متعللقہ خبریں