ترکی: طبّی امداد نَوی بازار پہنچ گئی

ہمیں بہت خوشی ہے کہ ترکی نے ہماری امداد کی طلب کو واپس نہ پلٹایا: جاسمینہ جوریج

1449174
ترکی: طبّی امداد نَوی بازار پہنچ گئی

ترکی کی طرف سے کووِڈ۔19 کی وجہ سے شدید مسائل سے دوچار سربیا کے علاقے سانجاق کے لئے بھیجی گئی طبّی امداد نَوی بازار پہنچ گئی ہے۔

امدادی سامان کو دارالحکومت بلغراد سے ٹرالر کی مدد سے نَوی بازار پہنچایا گیا جہاں سے شہریوں کی مدد سے امدادی ڈبوں کو نَوی بازار ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ علاقے کے سب سے بڑے شہر نَوی بازار اور سانجاق میں کووِڈ۔19 کی وجہ سے حالات خراب ہونے پر بوسنیا قومی کونسل کی سربراہ جاسمینہ جوریج نے صدر ایردوان کو مراسلہ روانہ کر کے امداد طلب کی تھی۔

امداد پہنچنے کے بعد جاری کردہ بیان میں جاسمینہ جوریج نے ترکی اور ترک عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

جاسمینہ نے کہا ہے کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ ترکی نے ہماری امداد کی طلب کو واپس نہ پلٹایا۔ یہ ہمارے لئے بہت بڑی امداد ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس امدادی سامان سے وباء کے اثرات میں کمی آئے گی اور اس سامان سے تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹر استفادہ کریں گے۔

جوریج نے کہا ہے کہ ترکی سانجاق میں ڈاکٹروں کی امداد بھی بھیجے گا۔ ترکی میں بہت سے سانجاق الاصل ڈاکٹر موجود ہیں جو رضاکارانہ طور پر یہاں آ کر کووِڈ۔19 کے خلاف ہماری جدوجہد میں مدد کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اداراتی مراحل مکمل ہونے کے بعد یہ ڈاکٹر سانجاق میں آ کر خدمات سرانجام دینا شروع کر دیں گے"۔



متعللقہ خبریں