ایسٹر کے موقع پر صدر رجب طیب ایردوان کا خصوصی پیغام

ایسٹر کے موقع پر میں اپنے تمام مسیحی شہریوں سمیت پورے مسیحی عالم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں: صدر ایردوان

1396436
ایسٹر کے موقع پر صدر رجب طیب ایردوان کا خصوصی پیغام

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے ایسٹر کے موقع پر جاری کردہ خصوصی پیغام میں ترکی کی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔

پیغام میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ " اناطولیہ میں مختلف ادیان اور تہذیبوں کے باہمی اتحاد کے ساتھ پنپنے والی یہ ثقافت ماضی کی طرح حال میں بھی امن اور بھائی چارے کی ضامن ہے اور ہمارے روشن مستقبل کی اہم ترین طاقت ہے"۔

انہوں نے کہا ہے کہ ترکی کے تمام شہریوں کی طرح مسیحی شہری بھی سینکڑوں سالوں سے اس جغرافیے کی خوشی اور غم کے ساجھے دار ہیں۔ ان کے بھی اپنے دین کے مطابق آزادانہ زندگی گزارنے کے لئے حکومت کے طور پر ہم تمام امکانات کے استعمال کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں قومی اتحاد کے ساتھ مسیحی برادری کے تعاون کی یاد دہانی کرواتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ کووِڈ۔19 کی وجہ سے پوری دنیا مشکل حالات سے گزر رہی ہے اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس سلسلے میں اختیار کردہ تدابیر کی وجہ سے ہمارے مسیحی شہری بھی اس سال ایسٹر کے موقع پر کلیساوں میں جمع نہیں ہو سکیں گے۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ ضروری حفاظتی تدابیر پر حساسیت کے ساتھ عمل کر کے ہمارا ملک اس مشکل دور سے کم سے کم نقصان کے ساتھ نکل جائے گا اور ہم بہت جلد معمول کی زندگی کی طرف لوٹ جائیں گے۔

انہوں نے اس مہم کے ساتھ تعاون کرنے والے مسیحی شہریوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ " ایسٹر کے موقع پر میں اپنے تمام مسیحی شہریوں سمیت پورے مسیحی عالم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں"۔



متعللقہ خبریں