مغربی ممالک کی شاندار فٹ پاتھوں کے نیچے ہمارے افریقی بھائیوں کا خون اور آنسو دبے ہیں

پچاس ساٹھ سال پہلے تک سونا اور ہیرے کے لئے افریقی انسانوں کا خون بہانے تک سے گریز نہ کرنے والے آج ہمیں انسانیت کا درس دے رہے ہیں۔ اپنی خون آلود تاریخ  کو دیکھے بغیر انسانی حقوق اور جمہوریت کو بنیاد بنا کر ہم پر تنقید کر رہے ہیں۔ صدر ایردوان

639295
مغربی ممالک کی شاندار فٹ پاتھوں کے نیچے ہمارے افریقی بھائیوں کا خون اور آنسو دبے ہیں

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان  نے کہا  ہے کہ کولیشن فورسز دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف جدوجہد میں ترکی  کے ساتھ تعاون نہیں کر رہیں۔

صدر ایردوان نے انقرہ میں صدارتی  سوشل کمپلیکس میں گنی کے صدر الفا کونڈے کے ساتھ دو طرفہ اور بین الاوفود ملاقاتوں کے بعد مشترکہ  پریس کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب میں ، شام کے شمالی حصے کو دہشتگرد عناصر سے پاک کرنے کے لئے 24 اگست کو ترکی کی زیر قیادت شروع کئے گئے فرات ڈھال آپریشن    کا جائزہ لیتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ الباب میں دہشتگرد تنظیم داعش کو چاروں طرف سے محاصرے میں لے لیا گیا ہے ۔ اس آپریشن  سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا  اور علاقے کی دہشتگردی سے پاک علاقے  کی حیثیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

فرات ڈھال آپریشن کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر کولیشن میں شامل ممالک پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس وقت کولیشن فورسز اپنے وعدوں کو پورا نہیں کر رہیں۔ وہ خواہ مدد کریں یا نہ کریں ہم پورے عزم کے ساتھ اپنے راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں اور بڑھتے رہیں گے۔

آئندہ ماہ قزاقستان کے دارالحکومت  آستانہ میں شام  کے مسئلے کے  حل سے متعلق  متوقع اجلاس کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ جنیوا  کے اجلاس خالی با  تیں ثابت ہوئے ہیں۔ یہاں کئے گئے  اجلاسوں میں سے کسی سے بھی کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ بعد ازاں روس کے صدر ولادی میر پوٹن  کے ساتھ مذاکرات میں انہوں نے ہمیں آستانہ کی تجویز پیش کی۔

صدر ایردوان  نے کہا کہ آستانہ میں متوقع  اجلاس میں  علاقائی ممالک شرکت کریں گے لیکن اگر اس سربراہی اجلاس میں دہشت گرد تنظیموں کو بھی مدعو کیا گیا تو ہم اس سے دلچسپی نہیں لیں گے۔ یہ کاروائی ابھی وزارت خارجہ کی سطح پر جاری ہے۔

ترکی ۔ گنی تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ ہماری صلاحیت کی سطح بہت بلند ہے اور ہم اپنے سرمایہ کاروں کو یہ صلاحیت استعمال کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کے  وسیلے سے   میں آپ کو 30 جنوری 2017 سے کوناکری کے لئے ٹرکش ائیر لائنز کی پروازیں شروع ہونے کی بھی خوشخبری دینا چاہتا ہوں ۔

افریقہ کا استحصال کرنے والی مغربی دنیا پر تنقید کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ پچاس ساٹھ سال پہلے تک سونا اور ہیرے کے لئے افریقی انسانوں کا خون بہانے تک سے گریز نہ کرنے والے آج ہمیں انسانیت کا درس دے رہے ہیں۔ اپنی خون آلود تاریخ  کو دیکھے بغیر انسانی حقوق اور جمہوریت کو بنیاد بنا کر ہم پر تنقید کر رہے ہیں۔

صدر ایردوان نے کہا کہ میں نے پہلے بھی کہا ہے اور آج بھی کہہ رہا ہوں کہ مغربی ممالک کے دارالحکومتوں کی شاندار فٹ پاتھوں کے نیچے ہمارے افریقی بھائیوں کا خون اور آنسو دبے ہیں۔

افریقہ یونین کے ٹرم چئیر مین گنی کے صدر کونڈے  نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اپنے ملک اور افریقہ بھر میں دہشت گرد تنظیم فیتوں کے اثرات کو ختم کرنے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کریں گے۔



متعللقہ خبریں