کیونکہ۔07

میں زبانیں سیکھ رہا/ سیکھ رہی ہوں کیونکہ یہ عالمی حالات و واقعات پر نگاہ رکھنے کا بہترین راستہ ہے

2100982
کیونکہ۔07

آج ہم ایک ایسے پروگرام کے ساتھ آپ سے مخاطب ہیں جو اصل میں ترکی زبان میں لکھا گیا لیکن اسے مختلف زبانوں میں ترجمہ کر کے ٹی آر ٹی کی صدائے ترکیہ سروس کی وساطت سے دنیا کے مختلف گوشوں میں پہنچایا جا رہا ہے۔ اس ابتدائیے سے آپ کو  تھوڑا بہت اندازہ ہو گیا ہو گا  کہ آج ہمارا موضوع "غیر ملکی زبان" ہے۔

 

تو آئیے بات شروع کرتے ہیں۔ میں غیر ملکی زبان سیکھ رہا /سیکھ رہی ہوں کیونکہ۔۔۔

ترکی زبان میں ایک بہت شاندار کہاوت ہے جس نے لسانی تنّوع کی اہمیت کو ایک مختصر سے جملے میں سمیٹ دیا ہے۔ کہاوت کچھ اس طرح ہے "ایک زبان ایک انسان اور دو زبانیں دو انسان"۔  20 صدی کے اوائل کے مفّکر 'وٹگنشٹائن'  کا قول ہے کہ "میری زبان کی سرحدیں میری دنیا کی سرحدیں ہیں"  ۔ اس قول سے اصل میں وٹگنشٹائن افکار کی سرحدیں کھینچنے کی کوشش کر رہا تھا۔ حقیقت بھی تو یہی ہے ناں کہ جو بھی لفظ زبان سے ادا ہوتا ہے وہ ایک سوچ کا نتیجہ ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سوچ کو بیان کرنے کی صلاحیت بھی براہ راست زبان کی مرہونِ منّت ہے۔ دورِ حاضر میں اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں  کہ حالات و واقعات کو مختلف زبانوں میں پیش کرنے کی صلاحیت اصل میں  یہ ظاہر کرتی ہے کہ انسان اپنی دنیا کی سرحدوں کو کس قدر وسعت دے سکتا ہے۔

 

مادری زبان ایک ایسی صلاحیت ہے جسے انسان دیگر متعدد صلاحیتوں کی طرح سیکھتا نہیں بلکہ ان کے ساتھ پیدا ہوتا ہے۔ شیر خوار بچے زبان سیکھتے نہیں اختیار کرتے ہیں۔ ہم سب اپنی مادری زبان کے ساتھ دنیا کو پہچانتے اور اپنے گرد و پیش کے ساتھ رابطہ قائم کرتے ہیں۔ ہر جاندار کی طرح  ہمیں زندہ رکھنے والی یہ صلاحیت یعنی 'زبان' ترقی کرتی تہذیب کے ساتھ قدم مِلا کر چلنے کے لئے بعض ردوبدل اور بعض اضافوں کی ضرورت محسوس کرتی ہے۔

 

موجودہ دنیا ہمیں کسی بھی وقت کسی بھی جگہ سے رابطے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ دورِ حاضر میں ہر لمحے کروڑوں کے حساب سے تحریری، بصری اور زبانی مواد دنیا کے ہر کونے میں پہنچ رہا ہے۔ آج سے سو سال قبل فرانسیسی زبان  معروف ترین زبان قبول کی جاتی تھی لیکن آج انگریزی زبان  بلا مبالغہ ایک عالمی زبان بن چُکی ہے۔ موجودہ دور میں عالمی حالات و واقعات پر نگاہ رکھنا بہت سہل ہو گیا ہے۔ انٹرنیٹ کی طفیل ہم دنیا کے ہر گوشے میں پہنچ سکتے ہیں۔ تحقیقات نے ثابت کیا ہے کہ  کم سنی میں غیر ملکی زبان سیکھنا شروع کرنا صرف ذہنی اعتبار سے ہی نہیں جسمانی اعتبار سے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔

 

آئیے اپنے 'کیونکہ' والے جملے میں تھوڑی تبدیلی کرتے ہیں۔ میں زبان نہیں زبانیں سیکھ رہا/ سیکھ رہی ہوں کیونکہ یہ عالمی حالات و واقعات پر نگاہ رکھنے کا بہترین راستہ ہے۔ آپ سب کے لئے اپنی زبان کی حفاظت اور  متعدد زبانوں پر عبور کی تمّنا کے ساتھ اجازت چاہتی ہوں۔



متعللقہ خبریں