چشمہ شفاء۔68

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے "آیوڈین اور اس کے فوائد"

2077793
چشمہ شفاء۔68

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام چشمہ شفاء کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے "آیوڈین اور اس کے فوائد"۔

 

آیوڈین کیا ہے؟ اور جسم کی روزمرّہ آیوڈین ضرورت کس قدر ہے؟

جسم کے خود آیوڈین پیدا نہ کرنے کی وجہ سے اسے غذا سے حاصل کیا جاتا ہے۔ آیوڈین خاص طور پر حمل کے دوران بچے کے پرورش میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور پیدائش کے بعد کے تمام حیاتی ادوار میں بھی صحت کے حوالے سے ایک ناگزیر غذائی عنصر کی حیثیت رکھتا ہے۔ آیوڈین کی روز مرّہ مقدار عمر اور نظام ہضم کی ضرورت کے مطابق تبدیل ہوتی رہتی ہے۔ سمندری غذائیں، گوشت اور دودھ کی مصنوعات آیوڈین کے حوالے سے اہم غذائیں ہیں۔

 

آیوڈین کے جسم میں کیا فرائض ہیں؟

آیوڈین، تھرائیڈ ہارمونوں کی پیداوار میں، جنین اور نومولود بچے کی پرداخت میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ یہی نہیں انسانی زندگی  کے تمام ادوار میں اس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے۔

 

جسم کی روز مرّہ آیوڈین ضرورت کس قدر ہے؟

جسم کی روزمرّہ آیوڈین ضرورت عمر اور ضرورت کے مطابق تبدیل ہوتی رہتی ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ عالمی ادارہ صحت کے طے شدہ پیمانے درج ذیل ہیں:

صفر سے 59 ماہ کے بچے: 90 مائیکروگرام

6 سے 12 سال کے بچے: 120 مائیکروگرام

12 سال سے بڑے بچے:150 مائیکروگرام

بلوغت  کی عمر والے اور بالغ افراد: 150 مائیکروگرام اور

حاملہ اور دودھ پلانے والی عورتوں کی آیوڈین کے یومیہ ضرورت  250 مائیکرو گرام  ہے۔

 

آیوڈین کی کمی کی علامات کیا ہیں؟

  • گلڑ: آیوڈین کی کمی کے باعث تھرائیڈ غدود تھرائیڈ ہارمون پیدا کرنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں اور نتیجتاً گلڑ کی بیماری ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہے۔
  • عورتوں میں آیوڈین کی کمی ماہواری  کے دورانیے کو متاثر کرتی اور درد اور تکلیف کا سبب بنتی ہے۔
  • آیوڈین کی کمی کے باعث تھرائیڈ میں پیدا ہونے والی سُستی نظام ہضم کو سُست کر کے وزن بڑھنے کا سبب بنتی ہے۔
  • بے حالی، خشک جلد، بال جھڑنا، قبض، کپکپاہٹ، بالوں اور ناخنوں کا ٹوٹنا، غیر منّظم ماہواری، بھلکڑ پن بھی آیوڈین کی کمی کی علامات ہیں۔
  • آیوڈین کی زیادہ پیچیدہ   کمی کی صورت میں توجہ میں کمی، ڈپریشن، جذباتی کیفیت میں اتار چڑھاو، دل اور جگر کی بیماریاں ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔
  • عورتوں میں زیادہ طویل عرصے تک آیوڈین کی کمی جلد پر جھُریوں کا سبب بن جاتی ہے۔

 

ضرورت سے زائد آیوڈین کے نقصانات؟

آیوڈین کو بطور سپلیمنٹ لینا ضروری نہیں ہوتا اسی طرح جسم کی یومیہ ضرورت سے زائد آیوڈین سے بھی پرہیز کیا جانا چاہیے۔ خاص طور پر ہائپر تھرائیڈ کے مریضوں کو ڈاکٹر آیوڈین سے پرہیز کا مشورہ بھی دے سکتا ہے۔ بعض اوقات ضرورت سے زائد آیوڈین لینے کی صورت میں تھرائیڈ نوڈلز کے مریضوں کے تھرائیڈ نوڈلز ضرورت سے زیادہ فعال ہو کر ضرورت سے زیادہ ہارمون پیداکرنا شروع کر دیتے ہیں۔

 

آیوڈین کون کون سے غذاوں میں پایا جاتا ہے؟

  • سمندر سے حاصل ہونے والی سب غذائیں آیوڈین کا ایک بہترین ماخذ ہیں۔
  • ریفائن نمک آیوڈین کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے تاہم اس کا روز مرّہ  استعمال  2 گرام سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔
  • شیر خوار بچوں کو ٹھوس غذا شروع کروانے سے قبل دلیے وغیرہ کا انتخاب کرتے وقت خیال رکھیں کہ اس میں آیوڈین شامل ہو۔
  • پنیر
  • انڈہ
  • دہی
  • سویا ملک اور
  • سویا سوس آیوڈین کے حصول کے لئے بہترین غذائیں ہیں۔

 

آیوڈین کی کمی کی تشخیص کیسے کی جائے؟

بالغ افراد میں آیوڈین کی کمی کے ابتدائی ادوار میں واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ یہی نہیں جسمانی معائنے سے بھی اس کمی کی تشخیص نہیں ہو پاتی۔ پیشاب کا ٹیسٹ جسم میں آیوڈین کی مقدار جانچنے کا موزوں ترین طریقہ ہے۔ اس ٹیسٹ کے نتائج اگر آیوڈین  کی کمی کی صورت میں نکلیں تو اس بات کا فیصلہ صرف ڈاکٹر کر سکتا ہے کہ آیا آیوڈین کو بطور سپلیمنٹ لیا جائے یا نہیں۔



متعللقہ خبریں