چشمہ شفاء ۔ 20

آج ہم آپ کے ساتھ جس موضوع پر بات کریں گے وہ "آنکھوں کا خشک ہونا" ہے

1760068
چشمہ شفاء ۔ 20

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

آج ہم آپ کے ساتھ جس موضوع پر بات کریں گے وہ "آنکھوں کا خشک ہونا" ہے۔

آنکھوں کی خشکی کو دور کرنے کے قدرتی طریقے اور پرہیزیں  کچھ اس طرح ہیں۔

 

1۔  تیز چلتی ہوا  کا آنکھوں سے براہِ راست ٹکرانا یا پھر تیراکی کے دوران پانی کا آنکھوں میں جانا آنکھوں میں خشکی کا سبب بن سکتا ہے۔ لہٰذا تیز ہوا اور آندھی  میں یا پھر تیراکی کے دوران عینک کا استعمال کریں۔

 

2۔ دن میں کم از کم 2 لیٹر پانی پئیں۔

 

3۔ اومیگا 3 سے مالامال مچھلی کے تیل  کو اپنی خوراک میں شامل کریں۔

 

4۔ کم خوابی سے بچیں اور بہترین نیند کو معمول بنائیں۔

 

5۔ موسم سرما میں آب و ہوا کی خشکی آنکھوں میں بھی خشکی کا سبب بن سکتی ہے لہذا جس ماحول میں آپ موجود ہوں اس میں نمی کے درجے کو متوازن رکھیں۔

 

6۔ اگر آپ مستقل کمپیوٹر کے سامنے کام کرتے ہیں تو   وقفے وقفے سے آنکھوں کو اسکرین سے ہٹا کر  آرام کرنے کا موقع دیں۔

 

7۔ بار بار آنکھیں ملنے سے بھی پرہیز کریں۔

 

آنکھوں کی خشکی کے مسئلے میں پرہیزوں کے بارے میں  تو بات ہو گئی آئیے اب دیکھتے ہیں کہ ہمیں اپنی روزمرّہ خوراک میں کیا شامل کرنا چاہیے۔

 

  • وٹامن اور غذا

خشک آنکھوں کے سینڈروم میں وٹامن ڈی، بی 12 اور وٹامن اے  والی غذاوں کو روزمرّہ خوراک میں شامل کریں۔ انڈے کی زردی، اناج، مالٹے کا رس، گاجر، پالک، بروکلی اور مکھن وٹامن ڈی اور اے  سے مالا مال غذائیں ہیں۔

مچھلی، پالک، سویا پھلیاں اور چیا کے بیج  اومیگا۔3 سے بھرپور غذائیں ہیں۔

 

  • کھیرا

آنکھوں کی خشکی کے علاج کے لئے کھیرا آسان ترین قدرتی طریقوں میں سے ایک ہے۔ کھیرا  فریج میں رکھیں ٹھنڈا ہونے پر کھیرے کے باریک باریک قتلے کاٹیں۔ آنکھیں بند کر کے ان قتلوں کو پپوٹوں پر رکھیں ۔ آنکھوں کو سکون دینے کے لئے اس طریقے کو دن میں 2 سے 3 دفعہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

  • گلاب کا عرق

گلاب کا عرق آنکھوں کو خشک ہونے سے بچانے کے لئے موئثر ترین عناصر میں سے ایک ہے۔ استعمال کا طریقہ یہ ہے کہ روئی کے گالوں کو عرقِ گلاب سے بھگوئیں  اور 10 منٹ تک آنکھوں کے پپوٹوں پر رکھیں۔ اس طریقے کو دن میں 2 سے 3 دفعہ دہرائیں۔

 

  • ڈیزی کی چائے

ڈیزی کی چائے آنکھوں کی نمی کو بحال کر کے آنکھوں میں خارش کی شکایت کو دُور کرتی ہے۔ ایک کپ گرم پانی میں ڈیزی کے خشک پھول ڈالیں اور 10 منت تک دم پر رکھ دیں۔ چائے کو فریج میں ٹھنڈا کریں  ۔  اس میں روئی کے گالوں کو بھگوئیں اور 10 سے 15 منٹ آنکھوں کے پپوٹوں پر رکھیں۔ دن میں 3 سے 4 دفعہ اس طریقے کو دہرائیں  اور آرام آنے تک استعمال کرنا جاری رکھیں۔

 

  • سونف

  التہاب کو کم کرنے اور پُرسکون رکھنے کی صلاحیت کی وجہ سے آنکھوں کی نمی کے تحفظ کے لئے سونف کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ استعمال کا طریقہ نوٹ فرما لیں۔

ایک چائے کا چمچ سونف لیں اور ابلتے پانی میں 10 سے 15 منٹ تک دم  پر رکھیں۔ سونف کا پانی ٹھنڈا ہونے پر روئی کو بھگوئیں اور کم از کم 10 منٹ تک آنکھوں پر رکھیں۔ دن میں 2 سے 3 دفعہ  سونف کے پانی میں بھیگی روئی سے آنکھوں کو آرام دیا جا سکتا ہے۔

 

  • ایلو ویرا

ایلو ویرا آنکھوں کے تحفظ کا ایک قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ ہے۔ ایلوویرا جیل لیں اور اسے آنکھوں کے پپوٹوں پر لگائیں۔ دن میں دو دفعہ ایلوویرا کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

  • لیونڈر ایسنس آئل

ایک گلاس پانی میں لیونڈر ایسنس آئل  کے چند قطرے  ڈالیں اور اچھی طرح ملائیں۔ سُوتی کپڑا لیں اور اسے لیونڈر اور پانی کے محلول میں ڈبو کر نچوڑ لیں ۔ اس کپڑے کو 10 سے 15  منٹ تک آنکھوں پر رکھیں ۔ اس طریقے کو دن میں تین دفعہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

  • ڈیزی ایسنس آئل

ڈیزی ایسنس آئل آنکھوں کے التہاب کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ایک کپ نیم گرم پانی میں ایسنس کے چند قطرے ملائیں ۔ ایک صاف کپڑے کو اس محلول میں ڈبوئیں اور نچوڑ کر آنکھوں پر رکھ کر 10 منٹ تک انتظار کریں۔ اس طریقے کو دن میں چند دفعہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

  • زیتون کا تیل

زیتون کا تیل آنکھوں کی خارش  اور انفیکشن کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ روئی کے گالے پر چند قطرے زیتون کا تیل ڈالیں اور نرمی سے آنکھوں کے پپوٹوں پر مساج کریں۔ بعد میں تھوڑی دیر کے لئے  ہاتھوں سے آنکھوں کو ڈھانپ لیں۔  تیل کو پپوٹوں پر لگا رہنے دیں اور جلد کو قدرتی طریقے سے تیل کو جذب کرنے کا موقع دیں۔ اس طریقے کو دن میں 2 سے 3 دفعہ استعمال کریں۔

 

  • مچھلی کا تیل

آنکھوں میں خارش اور خشکی کے خاتمے کے لئے مچھلی کے تیل کو اپنی خوراک کا حصہ بنا لیں۔

 

  • سبز چائے

سبز چائے  آنکھوں میں خارش کا سدّباب کر سکتی ہے۔ سبز چائے کی تھیلی ایک کپ گرم پانی میں رکھیں  اور 10 سے 15 منٹ  تک پانی میں رہنے دیں۔ چائے ٹھنڈی ہونے پر روئی کو اس سے بھگوئیں اور آنکھوں پر رکھیں۔ اس طریقے کو دن میں چند دفعہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

  • ٹکور

گرم  ٹکور آنکھوں کی نمی کو محفوظ کر کے آنکھوں میں خارش اور خشکی کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ صاف کپڑا لیں اور اسے گرم پانی میں ڈبوئیں۔ زائد پانی کو نچوڑیں اور 10 سے 15 منٹ تک اس پٹّی کو آنکھوں پر رکھیں۔ اس طریقے کو دن میں چند دفعہ دہرائیں۔



متعللقہ خبریں