چشمہ شفاء ۔ 18

آج ہم آپ کے ساتھ جس موضوع پر بات کریں  گے وہ  سردی کے موسم میں  ہاتھوں کی جلد کا  پھٹنا اور اس کا علاج  ہے

1752937
چشمہ شفاء ۔ 18

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام چشمہ شفاء کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

آج ہم آپ کے ساتھ جس موضوع پر بات کریں  گے وہ  سردی کے موسم میں  ہاتھوں کی جلد کا  پھٹنا اور اس کا علاج  ہے۔

موسمِ سرما آمد سے جلد  میں خشکی بھی ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ خاص طور پر حساس جلد والے افراد کی جلد  بہت زیادہ خشک ہو جاتی ہے اور یہ خشکی بسا اوقات ایگزیما کا سبب بن جاتی ہے۔ اس سے بچنے کے لئے جلد کی حفاظت کرنا ، اسے مستقل نم رکھنا اور اس   کی ضروری دیکھ بھال کرنا کافی ہوتا ہے۔

 

خشک اور پھٹے ہوئے ہاتھوں کو نم رکھنے کے جن قدرتی طریقوں کا ہم آپ کو مشورہ دینا چاہتے ہیں وہ کچھ اس طرح ہیں:

 

1۔ پانی

جلد کو نم اور تروتازہ رکھنے کے لئے دن میں اوسطاً 2 لیٹر پانی پینا چاہیے۔

 

2۔ زیتون کا تیل

زیتون کا تیل جلد کو نرم کرتا ، لچکدار اور  نم رکھتا ہے۔ دن میں دو دفعہ 5 سے 10 منٹ کے لئے نیم گرم زیتون کے تیل سے ہاتھوں کی مالش کریں۔  حسب ضرورت زیتون کا تیل کسی شیشے کی شیشی میں ڈال کر بیگ میں رکھ سکتے ہیں ۔ اس طرح دن بھر میں آسانی سے اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 رات کے وقت بھی  زیتون کے تیل کا استعمال  نہایت  مفید ہے۔ اس کا طریقہ استعمال نوٹ فرما لیجیے۔ رات کو سونے سے پہلے ہاتھوں پر زیتون کا تیل ملیں۔ تیل جلد میں جذب ہونے کے بعد دستانے پہن لیں۔ صبح تک ہاتھ نرم ملائم ہو جائیں گے۔

 

3۔ کیلا

کیلے کا ایک چھوٹا ٹکڑا لیں اور اسے کانٹے کی مدد سے پیس کر پیسٹ کی شکل میں لے آئیں۔ اس پیسٹ کو ہاتھوں پر ملیں اور آدھے گھنٹے تک ہاتھوں پر لگا رہنے دیں۔ بعد میں ہاتھوں کو نیم گرم پانی سے دھوئیں اور کوئی بھی موئسچرائزر لگا لیں۔

کیلے کے استعمال کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ کیلے کے پیسٹ میں تھوڑا سا شہد اور زیتون کا تیل ملائیں  اور اس آمیزے کو ہاتھوں پر لگائیں۔ 15 سے 20 منٹ کے بعد ہاتھوں کو ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔

 

4۔ لیموں کا رس

مساوی مقدار میں لیموں کا رس، شہد اور کاربونیٹ ملائیں ۔ اس آمیزے کو ہاتھوں پر لگائیں اور تقریباً ایک منٹ تک مساج کریں۔ 5 منٹ کے بعد ہاتھوں کو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ اس طریقے کو ہفتے میں ایک یا 2  دفعہ استعمال کریں۔

 

5۔ ایلو ویرا

تازے ایلو ویرا کے پتے کو لمبائی کی شکل میں کاٹ کر اس کا جیل نکال لیں۔ اس جیل کو ہاتھوں پر لگا کر چند منٹ تک نرمی سے مساج کریں۔ 10 سے 15 منٹ بعد ہاتھوں کو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ یہ طریقہ دن میں ایک یا  2 دفعہ استعمال کریں۔

 

6۔ جو کا آٹا

دو کھانے کے چمچ جو کے آٹے میں 1 میٹھے کا چمچ شہد اور تھوڑا سا پانی ملائیں اور آمیزے کی شکل میں لے آئیں۔ اگر چاہیں تو اس میں لیموں کا رس بھی ملا سکتے ہیں۔ اس  آمیزے کو ہاتھوں پر ملیں اور 10 منٹ تک لگا رہنے دیں۔ بعد ازاں ہاتھوں کو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔

 

7۔ مکھن

زیتون کے تیل کی جگہ مکھن بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ آرگانک مکھن کو ہاتھوں پر ملیں ۔  مکھن ہاتھوں کی پھٹی ہوئی جلد کو قلیل وقت میں تعمیر کر کے جلد کو نرم  ملائم بنا دیتا ہے۔

 

8۔ کافی کا تل چھٹ

قہوے کا تلچھٹ بھی فوری اثر دکھا کر جلد کو نرم ملائم کر دیتا ہے۔

 

9۔ ٹی ٹری آئل، بادام کے تیل، تِل کے تیل  اور کھوپرے کے تیل  جیسے تیلوں کو بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ خاص طور پر سرد موسم میں یا پھر وزن میں تیزی سے کمی یا اضافے کی صورت میں جلد پر پھٹنے کے نشانات  کے علاج میں بھی یہ تیل موئثر سمجھے جاتے ہیں۔

 

سرد موسم میں پھٹی ہوئی جلد کی دیکھ بھال کے طریقے اس طرح ہیں:

 

ماسک نمبر  1

  • ایک کھانے کا چمچ زیتون کا تیل
  • ایک کھانے کا چمچ لیموں کا رس

دونوں اجزاء کو اچھی طرح ملائیں اور ہاتھوں پر ملیں۔

 

ماسک نمبر 2

  • 1 عدد اُبلا ہوا آلو
  • 1 چُٹکی ڈیزی  کے خُشک پھولوں کا سفوف
  • ایک چائے کا چمچ ویزلین

اُبلے ہوئے آلو کو پیس کر اس میں ویزلین شامل کر کے اچھی طرح ملائیں۔ بعد میں ڈیزی کا سفوف شامل کریں اور دوبارہ اچھی طرح ملائیں۔ اس آمیزے کو ہاتھوں پر ملیں اور ہاتھوں کو سُوتی کپڑے سے لپیٹ لیں۔ آدھے گھنٹے بعد نیم گرم پانی سے ہاتھ دھو لیں۔

 

۔۔۔جلد کو پھٹنے سے  محفوظ رکھنے  کا ماسک۔۔۔

 

  • 3 کھانے کے چمچ عرق گلاب
  • 3 میٹھے کے چمچ بادام کا تیل
  • 2 میٹھے کے چمچ لیموں کا رس
  • 1 میٹھے کا چمچ سیب کا سرکہ

تمام لوازمات کو ایک پیالی میں ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔ اس آمیزے کو ہاتھوں پر لگا کر مساج کریں۔ آمیزہ جلد میں جذب ہونے کے بعد ہاتھوں کو پلاسٹک ریپ سے یا پھر سُوتی کپڑے سے  لپیٹ لیں۔ ہاتھوں پر دستانے بھی پہن سکتے ہیں۔ 30 منٹ کے بعد ہاتھوں کو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ یہ طریقہ جلد کو پھٹنے سے محفوظ رکھتا ہے۔



متعللقہ خبریں