یوکرین سے اجناس اور کھاد کی برآمدات میں مدد کے لیے تیار ہیں:روس
روسی امور خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے کہا ہے کہ ہم مشروط طریقے سے اجناس،کھاد،توانائی اور دیگر اہم مصنوعات کی برآمدات کی اجازت دینے کےلیے تیار ہیں
روسی امور خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے کہا ہے کہ ہم یوکرین سے غیر ملکی بحری جہازوں کے ذریعے غلے کی تجارت کے لیے تیار ہیں۔
زخارووا نے ماسکو میں اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بحیرہ اسود اور بحیرہ ازاق کے راستے اجناس کی برآمدات کے لیے ماریوپول اور بردیانسک کی بندرگاہوں کے استعمال کی اجازت ہوگی ۔
ترجمان نے کہا کہ روس غیر ملکی بحری جہازوں کے راستے یوکرینی اجناس کی تجارت کا راستہ کھول رہا ہے، مگر ہمیں ان جہازوں کے ذریعے اسلحے کی غیر قانونی تجارت ، کیف حکومت کی اشتعال انگیزیوں،بارودی سرنگوں کے خطرات اور خطے میں مزید کشیدگی پھیلانے سے روکنا ہوگا۔
زخارووا نے کہا کہ مشروط طریقے سے اجناس،کھاد،توانائی اور دیگر اہم مصنوعات کی برآمدات کی اجازت دینے کےلیے تیار ہیں،پابندیوں کے باوجود روس، غذائی اجناس کی دنیا کے لیے بحفاظت رسائی کو ممکن بناتے ہوئے تقریبا 25 ملین ٹن اجناس اور 22 ملین ٹن کھاد مہیا کرے گا۔
ترجمان نے ان مغربی بیانات کی بھی تردید کی کہ روس نے یوکرین میں جنگ کے بہانے اجناس کی عالمی قلت کا سبب پیدا کیا ہے ۔