مقبوضہ کشمیر میں 370 کی بحالی تک بھارت سے تجارت نہیں ہوگی: حکومت پاکستان

وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیاہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 سے پہلے کی آئینی صورتحال بحال کرے، دفعہ 370 کی بحالی تک بھارت سے کسی قسم کی تجارت نہیں ہو سکتی

1613080
مقبوضہ کشمیر میں 370 کی بحالی تک بھارت سے  تجارت نہیں ہوگی: حکومت پاکستان

پاکستان کی وفاقی کابینہ نے بھارت سے کپاس اور چینی منگوانے کی  تجویز مسترد کردی ہے۔

کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہواجس میں بھارت سے کپاس اور چینی منگوانے کا معاملہ زیر بحث آیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیاہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 سے پہلے کی آئینی صورتحال بحال کرے، دفعہ 370 کی بحالی تک بھارت سے کسی قسم کی تجارت نہیں ہو سکتی۔

کابینہ نے بھارت سے کپاس منگوانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجود وسائل سے ہی ضروریات پوری کی جائیں۔

گزشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھارت سے چینی، کپاس اور سوتی دھاگہ منگوانے کی اجازت دی تھی جس کے تحت  30 جون 2021 تک بھارت سے  درآمد کی منظوری دی گئی۔

کمیٹی نے نجی شعبے کو بھارت سے چینی درآمد کرنے کی بھی اجازت دی تھی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کمی پورا کرنےکے لیےکپاس درآمد کرنی پڑے گی جبکہ  بھارت سے کپاس اور دھاگے کی درآمد سستی پڑے گی۔

پاکستان میں کپاس کی سالانہ کھپت ایک کروڑ 20 لاکھ سے ڈیڑھ کروڑ گانٹھیں ہیں۔

اس سال کپاس کی پیداوار میں تاریخی کمی کا تخمینہ ہے۔

خیال رہےکہ پاکستان نے اگست 2019 میں بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو معطل کر دیا تھا۔



متعللقہ خبریں