پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی ٹرین سروس دوبارہ بحال ہونے کا امکان

ایک  پاکستانی عہدےدار کو متعدد حلقوں کی جانب سے بتایا جا چکا ہے کہ استنبول سے اسلام آباد کے لیے تجارتی ٹرین 4 مارچ کو روانہ ہوگی اور اس کا  باظابطہ اعلان بھی آئندہ 2 دن کے اندر ہونے کا امکان ہے

1592871
پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی ٹرین سروس دوبارہ بحال ہونے کا امکان

پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی ٹرین نو سالہ وقفےکے بعد دوبارہ چلائے جانے کا امکان ہے۔

مذکورہ ٹرین سروس سے تین ممالک یعنی پاکستان، ایران اور ترکی کے درمیان تجارتی سامان کا تبادلہ آسانی سے ہوگا۔

پاکستان ریلوے کے ایک  عہدیدار نے بتایا  ہےکہ انہیں متعدد حلقوں کی جانب سے بتایا جا چکا ہے کہ استنبول سے اسلام آباد کے لیے تجارتی ٹرین 4 مارچ کو روانہ ہوگی اور اس کا  باظابطہ اعلان بھی آئندہ 2 دن کے اندر ہونے کا امکان ہے۔

عہدیدار کے مطابق، پاکستان کی وزارت خارجہ اور وزارت ریلوے تینوں ممالک کی اقتصادی تعاون تنظیم ای سی اوکے سیکریٹریٹ سمیت ترکی اور ایران کی متعلقہ وزارتوں اور محکموں سے رابطے میں ہے۔

عہدیدار نے مزید بتایا کہ چونکہ  استنبول سے اسلام آباد تک ٹرین کو پہنچنے میں تقریبا 12 دن لگتے ہیں اس لیے اُمید ہے کہ پہلی تجارتی ٹرین 16 مارچ کو پاکستان پہنچے گی جب کہ پاکستان ریلوے نے بھی اسی طرح کی ٹرین چلانے کا منصوبہ مکمل کرلیا ہے اور ممکنہ طور پر پاکستان سے 19 مارچ کو ٹرین ترکی کے لیے روانہ ہوگی۔

پاکستان ریلوے کے مطابق، پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی ٹرین چلائے جانے کا آغاز 14 اگست 2009 کو ہوا تھا جب کہ استنبول سے پہلی ٹرین 13 اگست 2010 کو اسلام آباد پہنچی تھی۔

ریکارڈ سے پتا چلتا ہے کہ مذکورہ منصوبے کے افتتاح سے اب تک پاکستان 8 ٹرینیں ترکی بھیج چکا ہے اور آخری ٹرین لاہور ڈرائی پورٹ سے 5 نومبر 2011 کو روانہ کی گئی تھی۔

اسی طرح ترکی اب تک پاکستان کی جانب سے 6 ٹرینیں بھیج چکا ہے اور وہاں سے آخری ٹرین 9 دسمبر 2011 کو پاکستان پہنچی تھی۔



متعللقہ خبریں