یونان : 7.5 بلین یورو پر مشتمل قرضے کی منظوری دے دی گئی

ESM انتظامی کمیٹی میں ہم نے  یونان کے لئے ریسکیو  پروگرام کے 7.5  بلین یورو  پر مشتمل حصے کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پئیر موسکوویسی

512738
یونان : 7.5 بلین یورو پر مشتمل قرضے کی منظوری دے دی گئی

یونان  کے لئے کُل 86 بلین یورو  کے ریسکیو پروگرام کے 7.5  بلین یورو پر مشتمل حصے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

یورپی یونین کے یورو کرنسی استعمال کرنے والے 19 رُکن ممالک کے وزرائے خزانہ پر مشتمل اور یورو گروپ کے دائرہ کار میں یورپی استحکام  میکانزم  ESM  کی انتظامی کمیٹی  کا اجلاس  منعقد ہوا۔

اجلاس کے بعد یورپی یونین کمیشن  کے اقتصادی  اور مالیاتی امور  کے ذمہ دار  رکن پئیر موسکوویسی نے  جاری کردہ بیان میں کہا  ہےکہ   ESM انتظامی کمیٹی میں ہم نے  یونان کے لئے ریسکیو  پروگرام کے 7.5  بلین یورو  پر مشتمل حصے کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

موسکو ویسی نے کہا کہ یونان کے ساتھ تعاون پروگرام کا پہلا جائزہ مکمل ہو گیا ہے اور میمورینڈم آف انڈراسٹینڈنگ  پر دستخط کر دئیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونان اور یورو زون  کی حیثیت سے ہم اس وقت اچھے وقت میں ہیں  ، ایک سال پہلے  ہم  "گریگزٹ" یعنی یونان کے یورو زون سے اخراج کے بارے میں بات کر رہے تھے لیکن اب ہم بالکل مختلف نقطے پر ہیں۔ ہم نے کافی پیش رفت کی ہے جس پر ہمیں خوشی ہے۔

موسکوویسی نے کہا کہ یونان نے کھویا ہوا اعتماد بحال کر لیا ہے اور ہم ملکی اقتصادیات کے سال  کے دوسرے حصے میں  دوبارہ سے مثبت بڑھوتی کا آغاز کر نے اور آئندہ سال 3 فیصد بڑھوتی دکھانے کی توقع کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے یورپی یونین کمیشن  کے سربراہ جین کلاڈ  جنکر  یونان کے دارالحکومت ایتھنز کا دورہ کریں گے۔

واضح رہے کہ کئی ماہ تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد یونان کی پارلیمنٹ نے قرضہ فراہم کرنے والے ممالک   سے مفاہمت کے لئے تنخواہوں میں کٹوتیوں، پنشنوں اور سوشل سکیورٹی  میں اصلاحات، آمدنی اور نتیجتاً  ٹیکسوں میں اضافوں ، نج کاری  پروگراموں  اور ڈوبے ہوئے  قرضوں  کی انتظامیہ  سمیت متعدد بچت تدابیر کی منظوری دے   دی تھی۔

یونان کو خاص طور پر جولائی کی قرضے کی قسط  ادا کرنے کے لئے  اس پیکیج کی فوری ضرورت تھی۔

قرضہ، آئندہ ہفتے یونان کو فراہم کیا جائے گا اور اگر یونان ، ریسکیو پروگرام  کے دائرہ کار میں  نجکاری پروگرام سے ہم آہنگ شکل میں کاروائیاں جاری رکھتا ہے تو 2.8  بلین یورو    قرضے کی قسط موسم خزاں میں فراہم کئے جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔



متعللقہ خبریں