تحریک انصاف کی طرف سے وزیراعظم کے امیدوار عمر ایوب ہوں گے: اسد قیصر

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی اور آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی سے متعلق آگاہ کیا

2103199
تحریک انصاف کی طرف سے وزیراعظم کے امیدوار عمر ایوب ہوں گے: اسد قیصر

پاکستان تحریکِ انصاف نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمر ایوب کو بطور امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ عمر ایوب خان پی ٹی آئی کی سابق حکومت میں وفاقی وزیر برائے توانائی کے عہدے پر رہ چکے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی اور آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی سے متعلق آگاہ کیا۔

اسد قیصر نے بتایا کہ عمران خان نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کا ٹاسک انہیں دیا گیا ہے اور حکومت سازی کے لیے وہ ان تمام جماعتوں سے رابطے کریں گے جو انتخابات میں دھاندلی کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریکِ انصاف اسمبلی میں بیٹھے گی اور قانونی جنگ بھی لڑے گی۔

اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ عوام نے جسے ووٹ دیا اس کا حق حکمرانی کا ہے۔

پاکستان میں آٹھ فروری کے عام انتخابات کے بعد 13 جنوری کی رات چھ بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اتحادی حکومت بنانے پر اتفاق کیا اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف اپنا انتخابی نشان چھن جانے کے بعد سے مختلف آئینی و قانونی مسائل میں گھری ہوئی ہے۔

انتخابی نتائج میں تاخیر کے باعث پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں اور اس سلسلے میں احتجاج بھی کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اس حوالے سے کہا: ’الیکشن میں جو دھاندلی ہوئی ہے، بچہ بچہ جانتا ہے کہ جس طرح ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا جا رہا ہے تو اس حوالے سے عمران خان آج شام تک باقاعدہ تاریخ دے دیں گے، پورے ملک میں اس پر ایک احتجاجی تحریک شروع کریں گے، جس میں ہم ملک کے چاروں صوبوں میں، ضلعوں میں، ریلیاں نکالیں گے اور احتجاج کریں گے۔

 



متعللقہ خبریں