آج کروڑوں پاکستانی انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کے عمل کا آغاز آج صبح آٹھ بجے شروع ہوا اور پولنگ کا یہ عمل بلا تعطل شام پانچ بجے تک جاری رہے گا جس میں ملک بھر سے 12 کروڑ 79 لاکھ 21 ہزار 49 رجسٹرڈ ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں

2099445
آج کروڑوں پاکستانی انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں

پاکستان میں آج ہونے والے عام انتخابات 2024 میں آج ملک بھر میں 12 کروڑ سے زائد ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلی کی 855 نشستوں پر اپنا حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کے عمل کا آغاز آج صبح آٹھ بجے شروع ہوا اور پولنگ کا یہ عمل بلا تعطل شام پانچ بجے تک جاری رہے گا جس میں ملک بھر سے 12 کروڑ 79 لاکھ 21 ہزار 49 رجسٹرڈ ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔

مجموعی طور پر قومی اور صوبائی اسمبلی کی 855 نشستوں پر ملک بھر میں 17 ہزار 758 امیدوار میدان میں ہیں جن میں ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

ان میں کئی امیدوار ایک سے زیادہ نشستوں کے لیے بھی الیکشن لڑ رہے ہیں اور یوں مجموعی نشستیں جن پر مقابلہ ہو رہا ہے کی تعداد 1125 بنتی ہے۔

انتخابات میں قومی اسمبلی کی 266 اور چار صوبائی اسمبلیوں کی مجموعی طور پر 571 نشستوں پر مقابلہ ہو رہا ہے۔

براہ راست ووٹنگ کے ذریعے پُر ہونے والی ان نشستوں کے علاوہ قومی اسمبلی کی 70 مخصوص نشستیں (60 خواتین اور 10 غیر مسلموں کے لیے) بعدازاں نو منتخب ایوان میں ہر پارٹی کے اراکین کی تعداد کے مطابق الاٹ کی جاتی ہیں۔

شام پانچ بجے پولنگ کے اختتام کے بعد ہر پولنگ سٹیشن میں ووٹوں کی گنتی شروع ہو گی اور تقریباً اسی رات نو بجے کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔

تاہم سرکاری اور حتمی نتائج الیکشن کمیشن آف پاکستان ووٹنگ ڈے کے بعد 14 روز میں گزٹ نوٹیفیکیشن کے ذریعے جاری کرنے کا پابند ہے۔

اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر تقریباً ایک لاکھ پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، جن میں تقریباً تین لاکھ پولنگ بوتھ موجود ہیں۔

اکثر حلقوں میں مرد اور خواتین ووٹرز کے لیے الگ الگ پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں لیکن کچھ مشترکہ سٹیشن بھی ہیں۔ تاہم پولنگ بوتھ مرد اور خواتین کے لیے ہر جگہ الگ الگ ہیں۔

پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کے علاوہ کئی دوسری پارٹیوں نے بھی آج کے انتخابات کے لیے امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔

الیکشن کمیشن نے الیکشنز میں حصہ لینے والی تمام جماعتوں کو انتخابی نشانات جاری کیے ہیں۔ تاہم سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے تحت پاکستان تحریک انصاف کو الیکشن سمبل الاٹ نہیں کیا گیا جس کے باعث اس کے ہزاروں امیدوار الگ الگ نشانات کے ساتھ آزاد حیثیت میں انتخابی دنگل میں حصہ لے رہے ہیں۔



متعللقہ خبریں