نگران وزیراعظم کی موسمیاتی تبدیلی مسئلے سے نمٹنے کیلئے طویل مدتی لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت

اسلام آباد میں پاکستان موسمیاتی تبدیلی کونسل کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملکوں کیلئے موسمیاتی تبدیلی قومی سلامتی کا ایک مسئلہ ہے

2066655
نگران وزیراعظم کی موسمیاتی تبدیلی مسئلے سے نمٹنے کیلئے طویل مدتی لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کے مضر اثرات سے نمٹنے کیلئے قلیل وسط اور طویل مدتی لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 اسلام آباد میں پاکستان موسمیاتی تبدیلی کونسل کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملکوں کیلئے موسمیاتی تبدیلی قومی سلامتی کا ایک مسئلہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن یہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا گزشتہ سال موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں سیلاب سے پاکستان کی ایک تہائی آبادی متاثر ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کو موسمیاتی تبدیلی کے درپیش خطرات سے خود کو بچانے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی کوپ ۔28 کانفرنس میں پاکستان اپنا موقف بھرپور طریقے سے پیش کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے سامنے موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کا کیس بھی موثر طور پر پیش کرے گا۔انہوں نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے زیرانتظام پاکستان موسمیاتی تبدیلی کونسل کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔وزیراعظم نے کہا کہ کمیٹی کو پاکستان میں کاربن کریڈٹ مارکیٹ کی تشکیل اور اس کی ٹریڈنگ کیلئے ایک جامع پالیسی تشکیل  دینے اور اسے زیادہ پراثر بنانے کے حوالے سے کام کرنا چاہئے ۔



متعللقہ خبریں