پاکستان میں خود کش حملے کے نتیجے میں 50 افراد جان بحق

نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کے مطابق دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیموں کو مستونگ روانہ کر دیا گیا ہے جب کہ کوئٹہ کے اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے

2044061
پاکستان میں خود کش حملے کے نتیجے میں 50 افراد جان بحق

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پیغمبرِ اسلام کے یومِ ولادت کے سلسلے میں نکالی جانے والی ایک ریلی میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد ہلاک اور 130 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کے مطابق دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیموں کو مستونگ روانہ کر دیا گیا ہے جب کہ کوئٹہ کے اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں شدید زخمی ہونے والوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزارتِ داخلہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی نے مستونگ میں مدینہ مسجد کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ میلاد النبی کے جلوس میں شرکت کے لیے آئے معصوم لوگوں پر حملہ انتہائی قبیح عمل ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

نگراں صوبائی وزیرِ اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ مستونگ اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ پولیس، پی ڈی ایم اے اور دیگر ایمرجنسی اداروں کی ٹیمیں دھماکے کے مقام پر موجود ہیں۔

جان اچکزئی نے کہا ہے کہ زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے کراچی کے اسپتالوں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے، ضرورت پڑی تو شدید زخمیوں کی فوری کراچی منتقلی کا انتظام کیا جائے، صوبائی حکومت زخمیوں کے علاج معالجے کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔

جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ غیر ملکی آشیر باد سے دشمن بلوچستان میں مذہبی رواداری اور امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔

نگراں وزیراعظم نے مستونگ میں دھماکے کی شديد مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

نگراں وزیراعظم نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔



متعللقہ خبریں