جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا

حلف برداری کی سادہ اور پروقار تقریب اتوار کو یہاں ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ حلف برداری کی تقریب میں نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی

2038476
جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا

جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔

حلف برداری کی سادہ اور پروقار تقریب اتوار کو یہاں ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ حلف برداری کی تقریب میں نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کے علاوہ مسلح افواج کے سینئر افسران، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ جج صاحبان، صوبائی گورنروں اور وزرائے اعلی، نگراں وفاقی وزراء اوردیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 21 جون کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے 3 کے تحت کی گئی ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور ججز، وفاقی شرعی عدالت کے جج صاحبان، بارز کے عہدیداران، لاء آفیسرز اور بارز کے ممبران نے بھی شرکت کی۔

حلف اٹھانے کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ملک کا 29 ویں چیف جسٹس بننے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ شعبہ قانون سے پینتالیس سال سے منسلک ہیں اور انہوں نے تقریباً 27 سال تک بطور وکیل کام کیا۔ 5 اگست 2009 کو بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر تعینات ہوئے، انہیں 5 ستمبر 2014 کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دی گئی اور چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب سنبھالنے سے قبل وہ عدالت عظمی کے سینئر ترین جج تھے۔



متعللقہ خبریں