وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان، ترکیہ کا باہمی تجارتی حجم کو3 سال میں 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم

انہوں نے ترکیہ کے ذرائع ابلاغ کے نجی ادارے کو ایک خصوصی انٹرویو میں ترک سرمایہ کاروں پرزور دیا کہ وہ پاکستان میں پن بجلی اور شمسی توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ ترکیہ ان شعبوں میں وسیع تجربہ اور مہارت رکھتا ہے

1998199
وزیراعظم  شہباز شریف کا پاکستان، ترکیہ کا باہمی تجارتی حجم کو3 سال میں 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ نے باہمی تجارتی حجم کو آئندہ تین سال میں پانچ ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے ترکیہ کے ذرائع ابلاغ کے نجی ادارے کو ایک خصوصی انٹرویو میں ترک سرمایہ کاروں پرزور دیا کہ وہ پاکستان میں پن بجلی اور شمسی توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ ترکیہ ان شعبوں میں وسیع تجربہ اور مہارت رکھتا ہے انہوں نے کہاکہ دیامر بھاشا ڈیم جیسے منصوبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔

شہباز شریف نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ترک تاجروں کو تمام ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان، ایران اور ترکیہ میں ریل اور سڑکوں کے نیٹ ورک تینوں ممالک میں تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے اس نیٹ ورک کو زیادہ موثر اور جدید بنانے کی خواہش ظاہر کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، ترک کمپنیوں کو ہنرمند اور نسبتاً ارزاں افرادی قوت فراہم کرسکتا ہے جو دونوں ملکوںکے لئے خوش آئند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے مشترکہ تعاون اور منصوبوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط سٹرٹیجک شراکت داری قائم ہے اور پاکستان ترکیہ کی بحری جہاز ساز کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے پر کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا ایک حصہ ترکیہ میں اور ایک کراچی شپ یارڈ میں شروع کیا گیا ہے۔

 



متعللقہ خبریں