پوری قوم اس وقت ملک کے محافظوں اور شہداء کے ساتھ کھڑی ہے:وزیراعظم شہباز شریف

بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا

1990435
پوری قوم اس وقت ملک کے محافظوں اور شہداء کے ساتھ کھڑی ہے:وزیراعظم  شہباز شریف

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم اس وقت ملک کے محافظوں اور شہداء کے ساتھ کھڑی ہے،ملک کے محافظوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنے بچوں کو یتیم کرکے قوم کے لاکھوں بچوں کو یتیمی سے بچایا،صرف انہی لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے جن کے بارے یقینی ہے کہ وہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں،ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے گا،9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف موجودہ قوانین کے تحت کاروائی یقینی بنائی جائے گی۔

بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 9 مئی کے افسوسناک واقعات سے ملک بھر میں ریاستی و نجی املاک کو پہنچنے والے نقصان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 9 مئی کو پورے ملک میں شرپسندی میں ملوث افراد میں سے 95 فیصد افراد کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ تقریباً 60 فیصد ملوث افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے شرپسندوں نے عام شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو زخمی کیا، سرکاری اور نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا۔ پولیس اور فوج کی گاڑیاں، ایمبیولینسز اور پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیاں جلائی گئیں۔ اسکے علاوہ حساس تنصیبات پر حملہ، پولیس تھانوں، جناح ہاؤس اور ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارتوں کو نظرِ آتش کرکے مکمل طور پر تباہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے جاری پراپیگنڈہ مہم کے بر عکس سول و نجی عمارتوں و املاک پر حملہ آور ہونے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ اور انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ صرف ایسے افراد کو آرمی ایکٹ کے تحت کٹہرے میں لایا جائے گا جن کے بارے مکمل ثبوت موجود ہیں کہ وہ حساس تنصیبات پر حملے میں ملوث ہیں۔ آرمی ایکٹ کے تحت چلنے والے مقدمات کے فیصلوں کے خلاف اپیل کیلئے اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کا حق موجود ہے۔

وزیرِ اعظم نے متعلقہ اداروں کو یہ یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ کسی معصوم شہری کو ان واقعات کی پاداش میں گرفتار نہ کیا جائے جبکہ یہ بھی ہدایت کی کہ واقعات میں ملوث افراد کی نشاندہی اور گرفتاری کے عمل کو تیز کیا جائے۔



متعللقہ خبریں