آئین کی پاسداری اور احترام کےلئے تمام اداروں اورپوری قوم کویکسو ہونا پڑے گا: وزیراعظم شہباز شریف

وہ جمعرات کو یہاں آئین پاکستان 1973کی موبائل ایپ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب،وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے

1977737
آئین کی پاسداری اور احترام کےلئے تمام اداروں اورپوری قوم کویکسو ہونا پڑے گا: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین کی پاسداری اور احترام کےلئے تمام اداروں اورپوری قوم کویکسو ہونا پڑے گا، آئین نے پارلیمان کی گود سے جنم لیا، عدلیہ آئین کی تشریح کرسکتی ہےلیکن ’’ری رائٹ‘‘ نہیں کرسکتی،دنیا میں کہیں کوئی ایسی مثال نہیں کہ پارلیمان کے قانون،جبکہ ابھی وہ معرض وجود میں بھی نہ آیا ہو،پرعدالت حکم امتناعی جاری کردے ،ہم انشاء اللہ اپنے سیاسی اثاثے کو ریاست بچانے کی خاطرقربان کرنے میں ایک لمحے کےلئے بھی نہیں ہچکچائیں گے ۔

وہ جمعرات کو یہاں آئین پاکستان 1973کی موبائل ایپ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب،وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ آئین کے ڈیجیٹل ایپ پر دستیا ب ہونے سے طلباء و طالبات اور کروڑوں پاکستانی آئین کی منشا اور آئین پاکستان کی بنیادی اساس سے استفادہ کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ حسن اتفاق ہے کہ میں 12 اکتوبر1999 کو پی ٹی وی کی اس بلڈنگ سے گزرا جب ایک غیرآئینی قد م اٹھایا گیا تھا اورآج الحمد اللہ آئین کے احترام اور آئین کی شقوں کوہر خاص وعام تک پہنچانے کےلئے دوبارہ اس عمارت میں موجود ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان ایک دوراہے پر کھڑا ہے، مجھ سمیت ہم سیاستدانوں سے بے شمار غلطیاں ہوئیں اور بڑے لوگ و ہی ہوتے ہیں جو اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھتے ہیں اورقوم کے اعلیٰ اور ارفع مقاصد کےلئے اپنی ذات کوقومی مفادات کے تابع کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یقیناً ہم نے سبق سیکھا ہے اور انشا ءاللہ ہم پاکستان کے مشکل ترین حالات کو ٹھیک کرنے کےلئے دن رات کوشاں ہیں اور رہیں گے ، میں بغیر کسی خود نمائی کے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہمیں بہت مشکل حالات میں یہ اقتدارملا اور بغیر کسی سیاسی گفتگو میں جائے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہم اس بات کے اوپرپوری طر ح یکسو ہیں کہ ہم انشاء اللہ اپنے سیاسی اثاثے کو ریاست کو بچانے کےلئے قربان کرنے میں قطعاً ایک لمحے کےلئے بھی نہیں ہچکچائیں  گے۔



متعللقہ خبریں