وزیراعظم شہباز شریف کی صدر کے خط سے متعلق نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے خط کے جواب کے لیے مشاورت تیز کر دی۔ انہوں نے نواز شریف سے رابطہ کیا جس میں سابق وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ جواب میں تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں

1965221
وزیراعظم شہباز شریف کی  صدر کے خط سے متعلق نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ

 وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خط پر سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے خط کے جواب کے لیے مشاورت تیز کر دی۔ انہوں نے نواز شریف سے رابطہ کیا جس میں سابق وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ جواب میں تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں۔

شہباز شریف سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سمیت اہم پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں صدر کے خط کا مؤثر جواب دینے کی تجویز دی گئی۔ حکومتی ترجمان اور پارٹی رہنما اس حوالے سے اپنا بھرپور ردعمل دیں گے۔

گزشتہ روز صدر نے وزیر اعظم کو الیکشن کے حوالے سے خط لکھا تھا جس میں کہا گیا کہ آپ متعلقہ حکام کو الیکشن کمیشن کی معاونت اور پنجاب و خیبر پختونخوا میں مقررہ وقت میں انتخابات کے لیے ہدایت کریں۔ توہین عدالت سمیت مزید پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

عارف علوی نے خط میں لکھا تھا کہ لگتا ہے وفاق اور نگراں حکومتوں نے تعاون فراہمی معذوری ظاہر کرنے کا کہا اور متعلقہ محکموں کے سربراہان کو انتخابات پر معذوری ظاہر کرنے کا کہا گیا، آئین کے تحت وفاقی اور صوبائی ایگزیکٹو اتھارٹیز کا فرض ہے کہ مدد کریں، حکومتیں کمشنر اور الیکشن کمیشن کو ان کے فرائض کی انجام دہی میں مدد کریں، میری رائے میں ایگزیکٹو اتھارٹیز اور محکموں نے آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن نے 30 اپریل کو پنجاب انتخابات کے اپنے اعلان پر عمل نہیں کیا، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم کی کھلی خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کے پی انتخابات کے لیے 8 اکتوبر کی تاریخ کا اعلان کیا۔

انہوں نے وزیر اعظم کی توجہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب بھی مبذول کرائی۔ خط میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مظالم، شہریوں کے خلاف طاقت کے غیر متناسب استعمال کی سنگینی کا بھی ذکر بھی کیا گیا۔



متعللقہ خبریں