موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجزسے نمٹنے کےلئے تحقیق پر زور دینے کی ضرورت ہے : شہباز شریف

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے ملاقات کی

1946991
موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجزسے نمٹنے کےلئے تحقیق پر زور دینے کی ضرورت ہے : شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پرموسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، پانی، توانائی اور غذائی تحفظ جیسے چیلنجزسے نمٹنے کےلئے فصلوں کی زیادہ پیداوار اور خشک سالی کے خلاف مزاحمت کرنے والی فصلوں کی اقسام پر تحقیق کے سلسلے میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی(آئی اے ای اے ) کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کی ضرورت ہے ، آئی اے ای اے کے ڈائریکٹرجنرل نے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کےلئے جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ڈائریکٹر جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئی اے ای اے اور پاکستان کے درمیان صحت، زراعت، صنعت، جوہری ادویات اور بجلی کی پیداوار کے شعبوں میں جاری تعاون کو سراہا۔

وزیر اعظم نے ایجنسی کے مختلف منصوبوں اور پروگراموں کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے ایجنسی کے کام میں مہارت اور تکنیکی معاونت کے وصول کنندہ اور فراہم کنندہ کے طور پاپنے تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ڈائریکٹر جنرل گروسی کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے زیرانتظام 19 کینسر ہسپتالوں کے اہم کردار کے بارے میں بریفنگ دی جو پاکستان میں کینسر کے علاج میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں اور عام لوگوں کو سستے علاج کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں ۔

ڈائریکٹر جنرل نے مختلف شعبوں میں نیوکلیئر ایپلی کیشنز میں پاکستان کی مہارت کا اعتراف کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان ایجنسی کے کام میں معاونت کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے جس میں کینسر کے علاج کے لیے’’امید کی کرن‘‘ کا اقدام بھی شامل ہے۔وزیراعظم نے پاکستان پرموسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، پانی، توانائی اور غذائی تحفظ جیسے چیلنجزسے نمٹنے کےلئے فصلوں کی زیادہ پیداوار اور خشک سالی کے خلاف مزاحمت کرنے والی فصلوں کی اقسام پر تحقیق کے سلسلے میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی(آئی اے ای اے ) کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کی ضرورت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے انرجی مکس میں جوہری توانائی کا کردارسستی اورصاف توانائی کا ہے ۔

آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے پاکستان جیسے ممالک میں جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا تاکہ ماحولیاتی مسائل سے متعلق تمام چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے پاکستان میں زرعی تحقیقی اداروں بشمول این آئی اے بی جو کہ آئی اے ای اے کے تعاون کرنے والے مراکز میں سے ایک ہے ، کی تعریف کی ۔واضح رہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہیں۔

وہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران مختلف جوہری سہولیات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کینسر کے علاج کے مراکز اور زرعی تحقیقی اداروں کا دورہ کریں گے جو پائیدار ترقی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی سے کام لے رہے ہیں۔ ان کے ان دورے سے انہیں پاکستان کی طرف سے جوہری تحفظ اور سلامتی کے بہترین معیارات کا مشاہدہ کرنے کا موقع بھی ملے گا



متعللقہ خبریں