مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ترک بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: وزیراعظم شہباز شریف

ان خیالات کا اظہار انہوں نےپیر کو ترکیہ کے سفارتخانہ کے دورہ کے موقع پر کیا

1945971
مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ترک بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلہ سے ہونے والی تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ترک بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سردی سے بچائو کیلئے خیمے، کمبل، گرم کپڑے، اور دیگر اشیاء ضروریہ پہنچائی جا رہی ہیں، ترک بھائیوں کی مدد میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےپیر کو ترکیہ کے سفارتخانہ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی سردار ایاز صادق بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر سے تباہ کن زلزلہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ زلزلہ کے باعث قیمتوں کے جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا، ہولناک زلزلہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستانی قوم افسردہ ہے، ہماری تمام تر ہمدردیاں ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ترک بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ترک بھائیوں کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان سے امدادی سامان ترکیہ بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے، امدای سامان میں خیمے، کمبل، گرم کپڑے، اور دیگر اشیاء ضروریہ شامل ہیں، سردی سے بچائو کیلئے خیمے، کمبل، گرم کپڑے، اور دیگر اشیاء ضروریہ پہنچائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے بھائیوں کیلئے فضائی، سمندری اور ٹرکوں کے ذریعے امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ٹرینوں کے ذریعے بھی امداد کی فراہمی پر غور کیا جا رہا ہے، وزارت خارجہ اور ترکیہ میں پاکستانی سفیر روزانہ کی بنیاد پر صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں جس کے تناظر میں امدادی سامان کی فراہمی کے حوالہ سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی تک ترک بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، ترک بھائیوں کی مدد میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے، ترک حکومت نے 2005ء کے زلزلہ، 2010ء کے سیلاب اور حالیہ سیلاب میں پاکستان کی بھرپور مدد کی۔ انہوں نے ترکیہ کے سفیر سے کہا کہ وہ ترک بھائیوں کی ضروریات کے حوالہ سے آگاہ کریں تاکہ ان کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید امداد کا بندوبست کیا جا سکے، ہماری دعائیں اور نیک خواہشات ترکیہ کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ترکیہ میں حالیہ زلزلہ کے نتیجہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا ہے، ترک بھائیوں کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ترکیہ میں حالیہ زلزلہ سے بڑے پیمانے پر مالی و جانی نقصان ہوا ہے، زلزلہ متاثرین کی بحالی بڑا چیلنج ہے، پاکستان کا نجی و سرکاری شعبہ مدد کیلئے تیار ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پیکاسی نے کہا کہ حالیہ زلزلہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور اظہار افسوس پر پاکستان کا شکرگزار ہوں، پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے جس پر وزیراعظم پاکستان اور حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ میں حالیہ زلزلہ کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد35 ہزار سے زائد ہے اور ہمیں اس صورتحال میں بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، پاک فوج، این جی اوز اور پاکستان کے مخیر حضرات امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جن پر ان کے شکرگزار ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔



متعللقہ خبریں