اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کی کشمیر پر پاکستان کی قرارداد متفقہ منظوری

قرارداد الجزائر میں ہونے والے اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کے 17ویں اجلاس میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے پیش کی

1939228
اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین  کی  کشمیر پر پاکستان کی قرارداد متفقہ منظوری

اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین نے کشمیر پر پاکستان کی قرارداد کی متفقہ طورپر منظوری دے دی ہے جس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ اور اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قرارداد الجزائر میں ہونے والے اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کے 17ویں اجلاس میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے پیش کی۔

قرارداد میں عالمی برادری سے بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیر میں بے لگام مظالم ،علاقے کے سیاسی نقشے کی تبدیلی اور اس کے اتحاد کے خلاف اقدامات کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یہ قرارداد کانفرنس کے آخری اجلاس میں پیش کی جائیگی جہاں سے منظوری کے بعد اس کو کانفرنس کے حتمی اعلامیے میں شامل کیا جائیگا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے زاہد درانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کی طرف سے قرارداد کی منظوری بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت کی طرف عالمی برادری کی توجہ دلانے میں اہم کردار ادا کریگی۔



متعللقہ خبریں