سابق وزیر اعظم عمران خان فنڈنگ کیس میں فی الحال گرفتاری سے بچ گئے

ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایف آئی اے  کے ہاتھوں گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا

1891842
سابق وزیر اعظم عمران خان فنڈنگ کیس میں فی الحال گرفتاری سے بچ گئے

سابق وزیر اعظم عمران خان  فنڈنگ کیس میں آج عدالت میں پیش ہوئے ۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمے میں گرفتاری سے بچنے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی  عمران خان کی درخواست کو  اسلام آباد آباد ہائی کورٹ نے منظور  کر لیا ہے۔

عدالت نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت پانچ ہزار روپے مچلکوں کے عوض منگل تک منظور کرتے ہوئے  ایف آئی اے کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا ہے ۔ عدالت  نے  حکم دیا ہے کہ  آپ متعلقہ عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری دائر کر سکتے ہیں۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت منگل تک ملتوی کردی۔

قبل ازیں ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمے میں گرفتاری سے بچنے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم حفاظتی ضمانت منظور کر رہے ہیں، ہم اس کیس کو زیر سماعت رکھتے ہیں اور حفاظتی ضمانت دیتے ہیں، اگر یہ معاملہ حل نہیں ہوتا تو ہم آپ کی درخواست کو دوبارہ سنیں گے۔

واضح رہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایف آئی اے  کے ہاتھوں گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، اس سلسلے میں دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایف آئی اے نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔ عدالت حفاظتی ضمانت منظور کرے تاکہ متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکیں۔ عمران خان کی درخواست میں آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی تھی۔



متعللقہ خبریں