پاکستانی قوم مشکل وقت میں ترکیہ کی یکجہتی کوسراہتی ہے: وزیراعظم شہباز شریف

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترک ہلال احمر کے خیر سگالی سفیر اسماعیل حقی تُرنچ  اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت   پاچاجی پر مشتمل ترکی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی

1888409
پاکستانی قوم مشکل وقت میں ترکیہ کی یکجہتی کوسراہتی ہے: وزیراعظم شہباز شریف

 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی ہے، ترکیہ کی جانب سے بھجوائی جانے والی 50 کشتیوں سے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے سینکڑوں افراد کو منتقل کرنے میں مدد ملی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترک ہلال احمر کے خیر سگالی سفیر اسماعیل حقی تُرنچ  اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت   پاچاجی پر مشتمل ترکی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے مشکل گھڑی میں ترکیہ کی طرف سے یکجہتی کے اظہار کو سراہا اور کہا کہ 2005 کےزلزلہ اور 2010 کے سیلاب کے بعد کی صورتحال کی طرح حالیہ سیلاب کے بعد بھی ترکیہ نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی ٹرینیں بھجوانے پرصدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کے عوام کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی جانب سے امدادی کارروائیوں کے لئے بھجوائی گئی 50 کشتیوں سے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے سینکڑوں افراد کو منتقل کرنے میں مدد ملی ہے۔

اسماعیل حقی تُرنچ  نے ملک میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کیلئے مکمل مدد اور بحالی کے عمل میں مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔ وفد کے ارکان نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ امدادی سامان اور خدمات کی فراہمی اور نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی پر ترک ہلال احمر کا شکریہ ادا کیا۔



متعللقہ خبریں