وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئےآج ازبکستان روانہ ہو رہے ہیں

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کی دعوت پر ایس سی او۔سی ایچ ایس میں شرکت کررہے ہیں جو اس اجلاس کی صدارت کریں گے

1880043
وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم  سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئےآج ازبکستان روانہ ہو رہے ہیں

وزیر اعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کی کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ (سی ایچ ایس ) کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لئے 15 اور 16 ستمبر 2022 کو سمرقند، ازبکستان کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کی دعوت پر ایس سی او۔سی ایچ ایس میں شرکت کررہے ہیں جو اس اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان اور مبصر ممالک کے سربراہان کے ساتھ ساتھ ایس سی او تنظیموں کے سربراہان اور دیگر خصوصی مہمان شرکت کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈ آف سٹیٹ کونسل کا سب سے اعلیٰ فورم ہے جو تنظیم کی حکمت عملی، مستقبل اور ترجیحات پر غور اور ان کی وضاحت کرتا ہے۔ سی ایچ ایس میں ایس سی او کے رہنما موسمیاتی تبدیلی، فوڈ سیکیورٹی انرجی سیکیورٹی اور پائیدار سپلائی چین سمیت اہم عالمی اور علاقائی مسائل پر غور کریں گے۔

اجلاس میں ایسے معاہدوں اور دستاویزات کی بھی منظوری دی جائے گی جو شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کی مستقبل کی سمت کا تعین کریں گے۔ سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ وزیر اعظم سی ایچ ایس کے سائیڈ لائنز پر دیگر شریک رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم جنوبی اور وسطی ایشیا کی ایک اہم بین علاقائی تنظیم ہے۔ 2001 میں قائم ہونے والی ایس سی او شنگھائی اسپرٹ میں درج اقدار اور اصولوں کو برقرار رکھتی ہے جس میں باہمی اعتماد، باہمی فائدے اور مشترکہ ترقی کا حصول شامل ہے۔

مجموعی طور پر ایس سی او کے رکن ممالک دنیا کی تقریباً نصف آبادی اور عالمی اقتصادی پیداوار کا ایک چوتھائی حصہ ہیں۔ امن و استحکام کو فروغ دینے اور اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں بہتر روابط کی تلاش کا ایس سی او کا ایجنڈا، اقتصادی رابطوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کے اپنے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ 2017 میں ایس سی او کا مکمل رکن بننے کے بعد سے پاکستان ایس سی او کے مختلف میکانزم میں اپنی شرکت کے ذریعے تنظیم کے بنیادی مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔



متعللقہ خبریں